• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایکٹ 35A کے خلاف بھارتی سازش پراوورسیز کمیونٹی آواز بلند کرے، سردار یعقوب

بریڈ فورڈ (محمد رجاسب مغل) آزاد جموں و کشمیر کے سابق صدر و وزیراعظم سردار محمد یعقوب خان نے بھارتی آئین کی دفعہ 35Aکے خاتمے کی کوششوں کو سازش قرار دیتے ہوئے اوورسیز کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ متحد اور منظم ہوکر اس معاملے پر آواز اٹھائے۔ بھارتی حکومت کے اس مذموم منصوبے کا واضح مقصد بھارتی آئین کے تحت کشمیریوں کو پہلے سے محدود اختیارات اور مراعات کو ختم کرنا اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کی تحریک کو نقصان پہنچانا ہے جس کی بھرپور مزاحمت کرنا ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمیونٹی سے یارک ہائوس مینگھم اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما راجہ شیراز خان کی رہائش گاہ پر عشائیہ کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے تحریک آزادی کشمیر کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں آٹھ لاکھ فوج کے ذریعے اس تحریک کو کچلنے کی کوشش کی جس میں وہ ناکام ہوگیا ہے۔ اب اس ناکامی کے بعد بھارت اپنے ہی بتائے ہوئے آئین کی دفعہ 35A سے چھیڑ چھاڑ کرکے کشمیریوں کی جائز اور منصفانہ جدوجہد کے خلاف سازش کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر سمیت دنیا بھر میں کشمیری اور پاکستانی کشمیریوں کی بلاتفریق، مذہب زبان اور کشمیر کی جداگانہ حیثیت اور تشخص پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں 35Aکے خاتمے کی آڑ میں مقبوضہ علاقے کے آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنا اقوام متحدہ اور جنیوا کنونشِ کی واضح خلاف ورزی ہے۔ عالمی برادری کو اس کا نوٹس لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے لوگوں کو اپنے سیاسی مستقبل کے فیصلے کا حق دینا چاہیے جس کا اقوام متحدہ نے وعدہ کر رکھا ہے۔ برطانیہ میں نوجوان نسل کو مسئلہ کشمیر کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ اوورسیز کمیونٹی اپنے بچوں کو اپنے وطن سے ربط کو مضبوط کرنے کے لیے کشمیر کا دورہ کرانا چاہئے۔ آزاد کشمیر اس پورے ریجن میں ایک پرامن اور خوب صورت جگہ ہے جہاں کرائم ریٹ زیرو فیصد ہے۔ انہوں نے اپنے دور حکومت میں خطے میں ترقی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دور میں آزاد کشمیر کے ہر ضلع میں یونیورسٹیاں قائم کرکے ایک تعلیمی انقلاب برپا کیا ہے۔ آج ہم فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ ہمارا خطہ لینے کی بجائے دینے والا ہے۔ یونیورسٹیوں میں آزاد کشمیر کے علاوہ اس پار مقبوضہ کشمیر کے طلبا بھارتی پاسپورٹ کے ساتھ ان یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرتے ہیں جوکہ ہمارے لیے فخر کی بات ہے۔ تقریب میں لارڈ میئر آف بریڈ فورڈ کونسلر ظفر علی، سابق لارڈ میئر راجہ غضنفر خالق، سابق لارڈ میئر رنگ زیب، سابق لارڈ میئر خادم حسین، کونسلر گوہر الماس خان، کونسل آف مساجد کے رفیق سہگل، زاہد مغل، حافظ محمد آزاد، عشرت مرزا، عنصر مغل، ملک رحمت اعوان، حاجی مصدق حسین، باسط علی، آصف خان، شرجیل ملک، خواجہ طاہر ایوب، محمد رفیق، راجہ پرویز اختر، ارشد برکی، سابق لارڈ میئر عابد حسین، حاجی ظفر اقبال، سابق مشیر حکومت راجہ شوکت خالق، چوہدری نذیر گجر کے علاوہ کمیونٹی کے دیگر افراد نے شرکت کی۔ رہنمائوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اگر بھارت کی جانب سے آرٹیکل 35A کے ساتھ چھیڑ خانی کی گئی تو سخت مزاحمت کی جائے گی۔ اس موقع پر امت مسلمہ اور استحکام پاکستان اور کشمیر کی آزادی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

تازہ ترین