• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امامیہ مشن لندن کا 38 واں سالانہ ماتمی جلوس جمعرات کو برآمد ہوگا

لندن (جنگ نیوز) امامیہ مشن کے صدر عادل شاہ نے کہا ہے کہ حضرت امام حسینؓ نے میدان کربلا میں اپنی اور اپنے خاندان کی قربانی دے دی لیکن اپنے نانا کے دین پر آنچ نہ آنے دی۔ جنگ لندن سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سرکار شہداء امام حسینؓ نے صرف مسلمان کے لئے نہیں بلکہ انسانیت کی بقا کے لئے جانوں کے نذرانے پیش کئے۔ دین سے ایسی محبت کی مثال اور کہاں ملتی ہے۔ انہوں نے سجدے کی حالت میں سر کٹوا کر نماز کی اہمیت کا جو سبق دیا ہے وہ رہتی دنیا تک مشعل راہ رہے گا اور ظلم کے سامنے ڈٹ جانے کی جو نظیر میدان کربلا میں ہمارے سامنے آئی اگر آج بھی مسلمان اس پر عمل پیرا ہو جائیں تو کامیابی ہمارے قدم چوم سکتی ہے۔ عادل شاہ نے کہا کہ واقعہ کربلا سے صرف ایک نہیں بلکہ ایک ہزار سبق ملتے ہیں جن میں دیگر مذاہب کے علاوہ رشتوں کا احترام کرنا سرفہرست ہے۔ انہوں نے ہر شخص کی جو تعظیم کرنا سکھائی اس کا سبق محرم الحرام کی مجالس میں دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امامیہ مشن کی نئی عمارت میں مجالس کا سلسلہ کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ جہاں روزانہ شام کو 800 سے ایک ہزار افراد مجلس میں شرکت کرتے ہیں جبکہ دن میں صرف خواتین کے لئے ہونی والی مجالس میں تقریباً ساڑھے تین سو خواتین شرکت کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشن کے لئے وسیع عمارت لینے کا فائدہ اب سب کو نظر آ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج مجلس کے اختتام پر منگل کو علم غازی عباس علم بردار برآمد ہوگا۔ عادل شاہ نے بتایا کہ جمعرات20ستمبر کو مومنین کا ماتمی جلوس آیت اللہ حسن رضا غدیری کی قیادت میں 10بجے صبع امامیہ مشن کی نئی عمارت 129 PERRYMANS FARM ROAD ILFORD I GQ 7LXسے برآمد ہوگا۔ جلوس دن کے ایک بجے واپس مشن پہنچے گا۔ خاتمہ شکنی سے پہلے شبیہہ ذوالجناح برآمد ہوگی۔ بعد ازاں8بجے مجلس غریباں منعقد ہوگی۔ نئے امامیہ مشن کا نزدیک ترین اسٹیشن نیو بری پارک (سنٹرل لائن) ہے۔
تازہ ترین