• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حجاج کرام اپنی زندگی ایک رول ماڈل کی حیثیت سے گزاریں، برٹش حجاج

لندن( پ ر) برطانیہ میں عازمین حج وعمرہ کی فلاح وبہبود کے لئے سرگرم عمل قومی فلاحی تنظیم ایسوسی ایشن آف برٹش حجاج نے اس سال مقدس فریضہ حج ادا کرکے واپس لوٹنے والے خوش نصیب حجاج کو خوش آمدید کہتے ہوئے ان پر زور دیا ہے کہ وہ اب غلطیوں کوتاہیوں اور معاشرتی خرابیوں سے دور رہ کر اپنی زندگی معاشرہ میں ایک رول ماڈل کی حیثیت سے گزاریں، خیر و بھلائی اور خدمت انسانیت کے کاموں میں بڑھ چڑھ لیں اور جہاں تک ہوسکے اپنے ذاتی تجربات اور مشاہدات کی روشنی میں حج وعمرہ کے فریضہ کی ادائیگی سے متعلق تمام امور کے بارے میں تعلیم وتربیت اور آگاہی کے کلچر کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ حج وعمرہ کے انتظامات سے متعلق مشکلات ومسائل کو حل کرنے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرکے آئندہ جانے والے عازمین کی مدد کریں۔ ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ یہ امر انتہائی افسوسناک ہے کہ اس سال بھی بعض حج ٹور آپریٹرز کی جانب سے حاجیوں کا استحصال اور ملکی قوانین کو کھلم کھلا چیلنج کرنے کا سلسلہ جاری رکھا گیا۔ یاد رہے کہ حج پیکج میں طے شدہ شرائط کے مطابق ٹور آپریٹرز کی جانب سے حاجیوں کو رہائش، ٹرانسپورٹ ، کھانے پینے اور رہنمائی سے متعلق سہولتیں اور سروس فراہم نہ کرنا ملکی قوانین میں سنگین جرم ہے۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے پولیس ، ٹریڈنگ سٹینڈرڈ اور برطانوی کورٹس حاجیوں کے استحصال اور لاقانونیت کی روک تھام کے لئے خاصے سرگرم ہیں۔ اس سلسلہ میں حالیہ برسوں میں متعدد حج و عمرہ ٹور آپریٹرز کے خلاف شکایات ملنے پر مقدمات قائم کرکے انہیں جیل اور بھاری مجرمانے کی سزائیں دی گئیں۔ اس لئے انتہائی ضروری ہے کہ حج فراڈ کا شکار ہونے والے خاموش رہنے کے بجائے اپنی شکایات لوکل سٹی کونسل کے ٹریڈنگ سٹینڈرڈ یا پولیس تک پہنچائیں۔
تازہ ترین