راولپنڈی(اپنے رپورٹر سے)ڈائریکٹر جنرل پنجا ب فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد عثمان نے آئس کریم اور فروزن ڈیزرٹ کے تمام برانڈز کا لیبارٹری تجزیے کروانے کا فیصلہ کرتے ہوئے مارکیٹ میں بکنے والے تمام برانڈز کے سیمپل لینے کا حکم دے دیا ہے۔تمام برانڈز کے نمونے 25ستمبر سے اوپن مارکیٹ میں کمپنیوں کے نمائندوں کی موجودگی میں اٹھائے جائیں گے۔نمونوں کا تجزیہ عالمی معیار کی دو لیبارٹریوں سے کروایا جائے گا۔ آئس کریم اور فروزن ڈیزرٹ بنانے والی کمپنیوں کے نمائندوں نے ڈی جی فوڈ اتھارٹی سے ملاقات کی۔ملاقات میں آئس کریم اور فروزن ڈیزرٹ کے تما م برانڈز کے لیبارٹری تجزیے کروانے کا فیصلہ کیا گیا ۔ نمونوں کے تجزیے کی مکمل رپورٹ پنجاب فوڈ اتھارٹی ایکٹ کی سیکشن 2بی کے تحت مفاد عامہ کے لیے شائع کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ آئس کریم اور فروزن ڈیزرٹ کے معیار اوران میں شامل اجزاء کی جانچ کے لیے ٹیسٹ کروائے جا رہے ہیں۔