• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جیکب آباد اور شہید بے نظیر آباد میں صحافیوں کے خلاف انسداد دہشتگردی کے مبینہ جھوٹے مقدمات،سندھ اسمبلی کی پریس گیلری سے واک آؤٹ

کراچی( اسٹاف رپورٹر) جیکب آباد اور شہید بے نظیر آباد میں صحافیوں کے خلاف انسداد دہشتگردی کے مبینہ جھوٹے مقدمات قائم کئے جانے کے خلاف پیر کو صحافیوں نے سندھ اسمبلی کی پریس گیلری سے واک آؤٹ کیا۔ صحافیوں نے پلے کارڈز اور پوسٹرز تھامے ہوئے تھے جن پر انکے مطالبات کے حق میں نعرے درج تھے۔ صحافی سندھ اسمبلی کی پریس گیلری سے واک آؤٹ کرکے اسمبلی کے مرکزی دروازے کی سیڑھیوں پر جمع ہوگئے اور نعرے بازی کی۔ صحافیوں نے مطالبہ کیا کہ فرائض کی انجام دہی کے دوران جیکب آباد کے چھ عامل صحافیوں اور شہید بے نظیر آباد کے ایک صحافی کے خلاف جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات قائم کئے گئے ہیں جنہیں فوری طور پر واپس لیا جائے۔ بعد ازاںصوبائی مشیر کی یقین دہانی پر صحافیوں نے اپنا احتجاج ختم کردیا۔ صوبائی وزراء و مشیران ناصر حسین شاہ، بیرسٹر مرتضی وہاب اور مکیش کمار چاولہ نے صحافیوں سے مزاکرات کئے اور یقین دہانی کرائی کہ جیکب آباد اور بے نظیر آباد کے صحافیوں کے خلاف قائم کئے گئے مقدمات کی شفاف تحقیقات کی جائیگی مشیر اطلاعات ، قانون و اینٹی کرپشن بیرسٹر مرتضی وہاب نے صحافیوں کو یقین دلایا کہ شفاف انکوائری تک متاثرہ صحافیوں کو پولیس کی جانب سے گرفتار اور نہ ہی حراساں کیا جائیگا اور انکوائری رپورٹ آنے پر اس قسم کے جھوٹے مقدمات درج کرانے میں ملوث افسران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔
تازہ ترین