• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بجلی گھروں کو ادائیگیاں کرنیوالی کمپنی میں من پسند بھرتیوں پر نیب انکوائری شروع

لاہور(تجمل گرمانی) آئی پی پیز کمپنیوں کے گردشی قرضے 1600ارب روپے کی بلند ترین شرح پر پہنچ گئے جبکہ دوسری جانب وفاقی وزارت توانائی پاور ڈویژن کے ماتحت نجی بجلی گھروں کو مالی ادائیگیاں کر نے والے سرکاری ادارہ سنٹرل پاور پرچیزنگ کمپنی (سی پی پی اے) کے افسران شاہ خرچیوں میں مصروف ہیں ،ادارہ میں من پسند بھرتیوں اور من مانی تنخواہیں لینے کے خلاف نیب نے انکوائری شروع کر دی ہے ۔ نیب کو فراہم دستاویزات مطابق سی پی پی اے کے افسران 3سے 12لاکھ روپے ماہانہ تنخواہیں لے رہے ہیں، ان میں چیف ایگزیکٹو آفیسر عابد لطیف لودھی ماہانہ 1247800، عبدالمجید خان چیف لیگل آفیسر 979231روپے ، نعمان رفیق کمپنی سیکرٹری 524653روپے، نعمت اللہ منیجرآئی ٹی 399236روپے، عمر ہارون ملک ڈپٹی جنرل منیجر 625353روپے، سید عابد حسین رضوی منیجرلیگل 393335روپے، میاں عاطف رفیق ڈپٹی منیجر 249999روپے، عاصم مقبول ڈار ڈپٹی منیجرآئی ٹی 303612روپے، امجد علی بٹ ڈپٹی منیجر ایچ آر 431945روپے، صابر علی خان 425703روپے، خورشید پرواز ایڈوائیزر 496128روپے، ارشد منہاس چیف انفارمیشن آفیسر 477936 روپے، زبیر محمود منیجر 516015روپےوپے، کاشف شہزاد ڈپٹی منیجرآئی ٹی 364303روپے اور ارباب فضل رحیم انٹرنل آ ڈٹ 202125روپے ماہانہ تنخواہ لے رہے ہیں۔ مذکورہ افسران سی پی پی اے اور وزارت توانائی کے سنیئر افسران کے رشتے دار ، تعلق دار اور ذاتی دوست بتائے گئے ہیں جنھیں گزشتہ دو برسوں کے دوران بھرتی کیا گیا ۔ سی پی پی اے کا ہیڈ آفس جو واپڈا ہائوس لاہور میں واقع تھا اسلام آبادپرائیوٹ عمارت منتقل کر دیا گیا جس کا ماہانہ کرایہ 70لاکھ روپے اور مزید تزئین و آرئش پر بھاری اخراجات ہو رہے ہیں۔ نیب نے سی پی پی اے انتظامیہ سے میرٹ کے منافی بھرتیوں اور بھاری تنخواہوں بارے انکوائری کر تے ہوئے جواب طلب کر لیا ہے ۔ چیف ایگزیکٹو سی پی پی اے عابد لطیف لودھی نے موقف میں کہا کہ تمام افسران قانون کے مطابق تنخواہیں لے رہے ہیں، بھرتیاں میرٹ کے مطابق ہوئیں، سنیئر افسران کے رشتہ داروں کی بھرتی میرے علم میں نہیں، نیب کو فراہم معلومات سچی اور جھوٹی بارے کچھ نہیں کہوں گا نیب نے خود فیصلہ کرنا ہے ، نامعلوم افراد نے نیب کو درخواست دی ہے جس بارے نیب کو جواب دے چکے ہیں۔ 
تازہ ترین