• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوامی نیشنل پارٹی نے کالاباغ ڈیم کے خلاف خیبر پختونخوا اسمبلی میں قرار داد جمع کرادی

پشاور ( سٹاف رپورٹر ) عوامی نیشنل پارٹی نے خیبر پختونخوا اسمبلی میں’’ کالاباغ ڈیم ‘‘ کےخلاف قرار داد جمع کراتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ متنازعہ معاملات کو چھیڑنے سے ملک کو نقصان پہنچایا جارہا ہے، کالاباغ ڈیم کی بجائے دوسرے فائدہ مند ڈیم بنانے کیلئے عملی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے، عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سردار حسین بابک کی جانب سے صوبائی اسمبلی میں جمع کردہ قرار داد میں کہا گیا ہے کہ’’کالاباغ ڈیم ایک متنازعہ ڈیم ہے اور ملک کے تین صوبے اس کیخلاف ہیں ، بار بار اس متنازعہ مسئلے کو چھیڑنے سے قومی یکجہتی کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے، ملک کے ایک حصہ کو خوش کرنے کیلئے متنازعہ مسئلے کو اٹھانا کسی طور ملک کے مفاد میں نہیں ، انہوں نے کہا کہ ملک کے چھوٹے صوبوں کی بار بار مخالفت کے باوجود اس مسئلے کو اٹھانا افراتفری اور نااتفاقی پیدا کرنے کے سوا کچھ نہیں، کالاباغ ڈیم کا شوشہ چھوڑنے کی بجائے ملک کے دوسرے سود مند ڈیم بنانے کیلئے سنجیدہ ،فوری اور عملی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے، سردار حسین بابک نے کہا کہ ملک میں توانائی کے بحران پر قابو پانے کیلئے ذمہ دارانہ رویہ اپنانا ہو گا ہمارے صوبے میں سستی بجلی پیدا کرنے کے بے شمار مواقع موجود ہیں لیکن بدقسمتی سے حکمرانوں کی عدم توجہی کی وجہ سے پانی ضائع ہو رہا ہے اور ملک کو توانائی بحران کا سامنا ہے ،انہوں نے کہا کہ کالاباغ ڈیم جیسے متنازعہ منصوبے کے خلاف پختونخوا اسمبلی سے کئی قراردادیں متفقہ طور پر منظور ہو چکی ہیں لہٰذا یہ صوبائی اسمبلی کالاباغ ڈیم کے خلاف قرارداد منظور کرتے ہوئے مطالبہ کرتی ہے کہ اس مسئلے کو بار بار اٹھانے سے گریز کیا جائے اور یہی ملک وقوم کے مفاد میں ہے۔
تازہ ترین