• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم عمران ،حمزہ سمیت 14ارکان کوضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پرنوٹسز واپس

اسلام آباد( نمائندہ خصوصی)الیکشن کمیشن نے وزیراعظم عمران خان، حمزہ شہباز،کیپٹن صفدراور سینیٹر پرویز رشید سمیت 14اراکین کو ضمنی انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر جاری نوٹسز واپس لے لئے الیکشن کمیشن نے پی بی 21 میں بیلٹ باکس اوربیلٹ پیپرز چھینے جانے پر ریٹرننگ افسر، پولیس سے رپورٹ طلب کرلی۔چیف الیکشن کمشنر سردار رضا کی سربراہی میں 2 رکنی کمیشن نے این اے 63، این اے 162،این اے 120 اور پی پی 20 میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں سے متعلق کیس کی سماعت کی، وزیراعظم عمران خان کی طرف سے ان کے وکیل شاہد گوندل نے موقف اختیار کیا کہ یہ نوٹس ایک سال پرانا ہے ، اس وقت پی ٹی آئی اپوزیشن میں تھی، ہم نے نوٹس ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا ،ہائیکورٹ سے پٹیشن خارج ہو گئی ہے۔الیکشن کمیشن نے مستقبل میں محتاط رہنے کہ ہدایت کرتے ہوئے عمران خان، حمزہ شہباز،کیپٹن صفدر ،سینیٹر پرویز رشید ،بلال یاسین،مائزہ حمید،شائستہ پرویز اور طلال چوہدری سمیت دیگراراکین پارلیمنٹ کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر جاری نوٹسز واپس لے لئے۔دریں اثناالیکشن کمیشن نے بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 21 کے پولنگ اسٹیشنوں پر بیلٹ باکس اور بیلٹ پیپر چھینے جانے کے معاملے پر ریٹرننگ افسر اور پولیس سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔ این اے 263 سے کامیاب امیدوار کو بھی نوٹس جاری کردیا گیا۔
تازہ ترین