• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بنگالیوں اور افغانوں کو شہریت دینا قابل مذمت ہے،آفاق احمد

کراچی(اسٹاف ر پو ر ٹر) مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے چیئرمین آفاق احمد نے بنگالیوں اور افغانیوں کو شہریت دینے کے بیان کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اب اپوزیشن لیڈر نہیں وزیر اعظم پاکستان ہیں ، انہیں کوئی بھی بات کرنے سے پہلے ناصرف سوچنا سمجھنا چاہئے بلکہ انہیں ذمینی حقائق کا بھی ادراک ہونا چاہئے اور ذمینی حقائق یہ کہتے ہیں کہ جن لوگوں نے منشیات اور اسلحہ کلچر پروان چڑھایا انہیں شہریت دینا کسی طور ملکی مفاد میں نہیں ۔ نادانی پر مشتمل ایسی کوئی بھی کوشش پاکستانی معاشرے کو تباہ کردے گی ۔ آفاق احمد نے کہا کہ پاکستانی شہریت کے سب سے بڑے حقدار محصورین مشرقی پاکستان ہیں جو بنگلہ دیشی کیمپوں میں آج تک پاکستان بچانے کی قیمت ادا کررہے ہیں ، وزیراعظم کو اگر پاکستانی عوام کا اتنا ہی خیال ہے تو غیر قانونی تارکین وطن کی بجائے محصورین مشرقی پاکستان کو پاکستانی پاسپورٹ جاری کریں کیونکہ محصورین مشرقی پاکستان ہی پاکستانی شہریت کے سب سے بڑے حقدار ہیں۔آفاق احمد نے کہا کہ کراچی کی معیشت پر سب سے بڑا بوجھ یہاں مقیم لاکھوں غیر قانونی تارکین وطن ہیں ، جب اپنے ملک کے باشندوں کی بنیادی ضروریات پوری نہ ہورہی ہو تو پھر کس طرح غیروں کا بوجھ اٹھانے کے اعلانات کس طرح کئے جاسکتے ہیں ۔ اگر وزیر اعظم کو ان غیر قانونی تارکین وطن سے اتنی ہی ہمدردی ہے تو انہیں کے پی کے یا پنجاب میں بسائیں ، کراچی کو یتیم خانہ بنانے سے گریز کیا جائے۔ آفاق احمد نے کہا کہ مہاجر قومی موومنٹ بنگلہ دیشی کیمپوں میں کسمپرسی کی زندگی گذارنے والے اپنے بھائیوں کی واپسی چاہتی ہے اور انہیں واپس لاکر بسانے کیلئے ہونے والے اخراجات اٹھانے کیلئے بھی تیار ہیں ، وزیر اعظم صرف پاسپورٹ جاری کروادیں انہیں واپس لانے کے جو بھی اخراجات ہونگے وہ ہم خود اٹھائیں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میںمقیم غیر قانونی تارکین وطن کو شناختی کارڈ کے اجراء کا بیان خطرے کی گھنٹی ہے جسکے خلاف مہاجر قوم کو متفقہ لائحہ عمل بنانا ہوگا۔
تازہ ترین