• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

واپڈااورچینی کمپنی کے درمیان منگلا اپ گریڈیشن پیکیج 9کے معاہدے پر دستخط

لاہور(نمائندہ جنگ) واپڈااور چائنا سی میک (CMAC)انجینئرنگ کمپنی کے درمیان منگلا اپ گریڈیشن منصوبے کے پیکیج 9کے معاہدے پر دستخط کئے گئے،منصوبے کی تکمیل پر منگلا کی پیداواری صلاحیت 310میگاواٹ بڑھ جائے گی،5 مختلف پیکجز پرپہلے ہی کام جاری ہے، اس معاہدے کی مالیت ایک ارب 68کروڑ روپے ہے، یہ پیکیج منگلا سوئچ یارڈ کی اپ گریڈیشن پر مشتمل ہے۔معاہدے پرد ستخط کی تقریب واپڈا ہائوس میں ہوئی ۔واپڈا ، منگلا ہائیڈل پاور سٹیشن کی اپ گریڈیشن منصوبے پر کام کررہا ہے۔ منصوبے کا منظور شدہ پی سی - وَن، 52ارب 22کروڑ 40لاکھ روپے پر مشتمل ہے، منگلا اپ گریڈیشن منصوبے کی تکمیل پر منگلا ہائیڈل پاور سٹیشن کی موجودہ پیداواری صلاحیت ایک ہزار میگاواٹ سے بڑھ کر ایک ہزار 310میگاواٹ ہوجائے گی۔ منگلا اپ گریڈیشن پراجیکٹ کو 11مختلف پیکجز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ایوارڈ کئے گئے پیکیج 9کے علاوہ پانچ مختلف پیکجز پہلے ہی ایوارڈ کئے جاچکے ہیں جن پر کام جاری ہے۔منگلا اپ گریڈیشن منصوبے کو مختلف مراحل میں مکمل کیا جائے گا جس کے تحت ایک وقت میں صرف ایک سرنگ یعنی دو پیداواری یونٹوں کو بند کرکے اُن کی اپ گریڈیشن کی جائے گی۔ پہلے دویونٹوں کی اپ گریڈیشن کاکام 2019ء میں مکمل ہوگا ، جبکہ تمام 10پیداواری یونٹوں کی اپ گریڈیشن 2024ء تک مکمل ہوجائے گی۔ یو ایس ایڈ منگلا اپ گریڈیشن پراجیکٹ کے لئے 150ملین ڈالر بطور گرانٹ اور فرانسیسی مالیتی ادارہ اے ایف ڈی 90 ملین یورو بطور قرضہ مہیا کررہے ہیں جبکہ بقایا رقم کا انتظام واپڈا قرضوں اور اپنے وسائل کے ذریعے کررہا ہے۔
تازہ ترین