• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اینٹی کرپشن پنجاب میں وسیع پیمانے پر اصلاحات لانے کی تیاری شروع کر دی ہیں ،ڈی جی

لاہور ( زاہد علی خان سے )ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب مطہر نیاز رانا نے کہا ہے کہ محکمے میں فوری اصلاحات کی ضرورت ہے، پگڑیاں اچھالنا کام ہے نہ ہی کرپٹ کو بری کرنا، حکومت کی کرپشن فری پالیسی کو کامیاب بنانے کیلئے سرجوڑ لئے ہیں۔اینٹی کرپشن پنجاب میں وسیع پیمانے پر اصلاحات لانے کی تیاری شروع کر دی ہے ۔ کابینہ کمیٹی کو بریفنگ دی جائیگی۔ گزشتہ روز جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی اینٹی کرپشن نے کہا کہ اینٹی کرپشن عوام کو ریلیف دینے کیلئے قائم کیاگیا ہے، لیکن وقت کے ساتھ ساتھ ضروریات اور تقاضے تبدیل ہوتے ہیں، میں نے ذمہ داری ملتے ہی سب سے پہلے عوام کیلئے ہیلپ ڈیسک قائم کئے ہیں تاکہ ہر شکایت کنندہ کا وقت بچ سکے اور محکمے کی تکنیکی ضروریات بھی پور ی ہوسکیں، اس کے ساتھ ساتھ محکمے میں ’’سورس رپورٹ‘‘ کا سلسلہ بھی بند کردیاگیا ہے کیونکہ ایسے کیس سامنے آئے تھے جن میں اینٹی کرپشن کے بعض اہلکار سرکاری ملازمین کو پریشان کرنے کیلئے اس آپشن کا استعمال کررہے تھے، اسی طرح تمام ریجن کے ڈائریکٹرز کو فائلوں کی چیکنگ سے متعلق بھی ہدایات دی گئی ہیں تاکہ کوئی کیس تاخیر کا شکار نہ ہو۔ مطہر نیاز رانا نے کہا کہ کرپشن کے خاتمہ ہماری ترجیح ہے لیکن بعض اوقات ایسے اقدامات سامنے آتے ہیں جو ہمارے نزدیک ٹھیک نہیں، کسی کی پگڑی اچھالنے کا ہمیں اختیار ہے نہ ہی ہم نے کسی کو دیا ہے، اس لئے اصلاحات پلان میں وہ تمام چیزیں شامل کی گئی ہیں جن کے نفاذ کی فوری ضرورت ہے، کابینہ کمیٹی کو بریفنگ کے بعد اس پر عملدرآمد شروع کردیں گے تو عوام کو بھی رزلٹ سامنے آئیگا۔ انہوں نے کہاکہ اینٹی کرپشن کے افسران کی تربیت کیلئے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں جس کے بعد ہم بھی جدید استور پر فوری کیس نمٹانے کی پوزیشن میں آجائیں گے، انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق محکمے کو فعال کررہے ہیں، چیف سیکرٹری پنجاب سے بھی اس ضمن میں مسلسل رہنمائی اور تعاون مل رہا ہے جس سے بخوبی اندازہ کیا جاسکتا ہے کہ کرپشن کے خاتمے کیلئے حکومت پنجاب کتنی سنجیدہ ہے، ہماری پہلی اورآخری ترجیح کرپشن کا خاتمہ تھا اور آئندہ بھی رہے گا۔
تازہ ترین