• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی اسمبلی: مبینہ انتخابی دھاندلی پر تحقیقاتی کمیشن کیلئے تحریک پیش

مبینہ انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کے لیے کمیشن کے قیام کے لیے تحریک قومی اسمبلی میں پیش کر دی گئی۔

قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت ہوا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کے لیے کمیشن کی تحریک پیش کرنا چاہتے ہیں۔

مسلم لیگ نون کے رہنما و رکن اسمبلی احسن اقبال نے کہا کہ اس کمیشن کو مکمل بااختیار ہونا چاہیے،جس پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت کی طرف سے بنائی گئی کمیٹی با اختیار ہی ہوتی ہے۔

تحقیقاتی کمیشن کے قیام کے لیے شاہ محمود قریشی نے تحریک قومی اسمبلی میں پیش کی۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اپنی پہلی تقریر میں کمیشن کے قیام کا اعلان کرنا چاہتے تھے،تاہم اپوزیشن کے احتجاج کے باعث اعلان نہ ہو سکا۔

شاہ محمود قریشی کا یہ بھی کہنا ہے کہ جمہوری قدروں کی مضبوطی اصولی مؤقف ہے، اختلافات کے باوجود آگے بڑھنا ہے، ہم کسی چیز کو پوشیدہ نہیں رکھنا چاہتے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا حق ہے کہ وہ احتجاج کرے، ان کا نکتہ اعتراض رجسٹر ہو گیا،شفافیت پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا، ہمارا مقصد ایک ہے کہ ملک میں شفاف انتخابات ہونے چاہئیں۔

شاہ محمودقریشی کا مزید کہنا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے لیے پارلیمانی کمیٹی میں مساوی نمائندگی ہونی چاہیے، انتخابات کی شفافیت پر بہت سنگین خدشات ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے مطالبہ کیا کہ خصوصی پارلیمانی کمیٹی میں حکومت اوراپوزیشن کو مساویانہ نمائندگی دی جائے، پارلیمانی کمیٹی کی چیئرمین شپ حزب اختلاف کو دی جائے۔

پیپلز پارٹی کے رہنما اور رکن اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پارلیمانی کمیٹی کے لیے پیش کی گئی تحریک خوش آئند ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ جو کمیٹی وزیر اعظم کی ہدایت پر بنائی جا رہی ہے اس کے لیے پی ٹی آئی نے 4 سال جدوجہد کی، عمران خان نے کہا کہ 4 حلقے کھول دیں، اس کے بعد کیا کیا کھلا سب کو معلوم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دھاندلی کی تحقیقات کے لیے پی ٹی آئی کو چار سال انتظار کرنا پڑا، پارلیمانی کمیٹی بااختیار ہوگی، اپوزیشن کے خدشات دور ہوں گے۔

اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ میں جو بھی کمیٹی بناؤں گا رولز کے مطابق بناؤں گا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی جانب سے مبینہ انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کے لیے کمیشن کے قیام کے لیے قومی اسمبلی میں پیش کی گئی تحریک کے متن میں کہا گیا ہے کہ مبینہ انتخابی دھاندلی سے متعلق پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے،جس میں حکومت اوراپوزیشن ارکان شامل ہوں۔

تحریک کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ پارلیمانی کمیٹی تحقیقات کےلیے ٹی او آرز تیار کرے گی، کمیٹی میں حکومت اوراپوزیشن ارکان شامل ہوں، یہ کمیٹی آئندہ دھاندلی کی روک تھام کے لیے مناسب اقدامات تجویز کرے گی۔


تازہ ترین