• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک میں کپاس کی پیداوارمیں 6.42 فیصد کا اضافہ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) ملک میں کپاس کی پیداوار میں اضافہ ہوا ہے ۔کاٹن جنرز ایسوسی ایشن ،اپٹما اور کراچی کاٹن ایسوسی ایشن کے اشتراک سے جاری ہونے والے اعدادوشمار کے مطابق 15 ستمبر تک ملک بھر کی جننگ فیکٹریوں میں مجموعی طور پر 25 لاکھ 17 ہزار 345 بیلز کے برابر پھٹی جننگ فیکٹریوں میں پہنچی اور پچھلے سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں ایک لاکھ 51 ہزار 790 بیلز (6.42 فیصد) زائد ہے ۔رپورٹ کے مطابق پنجاب بھر کی جننگ فیکٹریوں میں مذکورہ عرصے کے دوران مجموعی طور پر 9 لاکھ 80 ہزار 139 بیلز کے برابر پھٹی جننگ فیکٹریوں میں پہنچی جو کہ پچھلے سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں ایک لاکھ 33 ہزار 901 بیلز (15.82 فیصد) زائد ہے جبکہ سندھ بھر کی جننگ فیکٹریوں میں اس عرصے کے دوران مجموعی طور پر 15 لاکھ 37 ہزار 206 بیلز کے برابر پھٹی جننگ فیکٹریوں میں پہنچی جو پچھلے سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 17 ہزار 889 بیلز (1.18 فیصد) زائد ہے ۔رپورٹ کے مطابق 15 ستمبر تک ٹیکسٹائل ملز نے ملک بھر کی جننگ فیکٹریوں سے 18 لاکھ 98 ہزار 441 بیلز خریدیں جبکہ 41 ہزار 60 بیلز بیرون ملک برآمد کی گئیں اور 5 لاکھ 77 ہزار 844 بیلز ابھی بھی ملک بھر کی جننگ فیکٹریوں میں قابل فروخت پڑی ہوئی ہیں ۔رپورٹ کے مطابق 15 ستمبر تک ملک بھر میں سب سے زیادہ پھٹی سندھ کی جننگ فیکٹریوں میں پہنچی جو 9 لاکھ 11 ہزار 474 بیلز کے برابر ہے جبکہ نواب شاہ میں 1 لاکھ 49 ہزار 491 بیلز ،حیدر آباد میں ایک لاکھ 20ہزار 845 بیلز ،میر پور خاص میں 85 ہزار 50 بیلز ،سکھر میں 73 ہزار 91 بیلز جبکہ جام شورو میں 67 ہزار 818 بیلز کے برابر پھٹی جننگ فیکٹریوں میں پہنچی جبکہ پنجاب میں سب سے زیادہ پھٹی ضلع ویہاڑی میں ایک لاکھ 69 ہزار 712 بیلز ،خانیوال میں ایک لاکھ 61 ہزار 830 بیلز ،بہاولنگر میں 1 لاکھ 18 ہزار 484 بیلز ،ساہیوال میں 99 ہزار 44 بیلز ،بہاولپور میں 78 ہزار 238 بیلز جبکہ ٹوبہ ٹیک سنگھ کی جننگ فیکٹریوں میں 64 ہزار 97 بیلز کے برابر پھٹی جننگ فیکٹریوں میں پہنچی۔

تازہ ترین