• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرکاری اسپتالوں کی حالت حکومت کا منہ چڑا رہی ہے، فردوس شمیم

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و قائد حزب اختلاف سندھ فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ سرکاری اسپتالوں کی حالت زار سندھ حکومت کا منہ چڑا رہی ہے، پی پی والوں نے دسیوں سال حکومت کی لیکن محکمہ صحت کو ٹھیک نہ کیا، فردوس شمیم نقوی نے یہ باتیں پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ اپنے خصوصی بیان میں کہیں، انہوں نے کہا کہ عوام الناس سرکاری اسپتالوں کو اپنی بیماریوں کے علاج کا ذریعہ سمجھتے ہیں لیکن صورتحال اس کے برعکس ہے، لوگ مریض لے کر اسپتالوں کے باہر بیٹھے رہتے ہیں اور ڈاکٹر ان کا علاج نہیں کرتے، ایمرجنسی میں زخمی حالت میں لائے گئے مریض بھی ڈاکٹروں کی لاپرواہی سے جاں بحق ہوجاتے ہیں، ہزاروں اور لاکھوں میں تنخواہ پانے والا محکمہ صحت کا عملہ بدعنوانی میں ملوث ہے، بدعنوان سیاست دانوں نے ہی دسیوں سال سندھ پر حکومت کی اور اب تک کر رہے ہیں، محکمہ صحت کے عملے کا خراب رویہ ڈاکٹروں اور اسپتالوں سے دور بھاگنے والوں کی حوصلہ افزائی کرتا ہے، کتنے ہی لوگ تڑپ تڑپ کر مرنا پسند کرتے ہیں لیکن اسپتالوں کا رخ نہیں کرتے سرکاری اسپتال سزائے موت کی کال کوٹھڑی اور ڈاکٹر جلاد بنتے جا رہے ہیں، تحریک انصاف اس صورتحال کو بدلنا چاہتی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ لوگ سرکاری اسپتالوں میں علاج کی سہولت آسانی سے حاصل کرسکیں، اس کے لیے سندھ حکومت کو بڑے پیمانے پر جامع حکمت عملی سے اصلاحات لانا ہوں گی۔
تازہ ترین