• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گیس کی قیمت بڑھاکر حکومت نے عوام پر مہنگائی بم گرادیا،جماعت اسلامی

کراچی(اسٹاف رپورٹر )امیر جماعت اسلامی سندھ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے گیس قیمتوں میں 143 فیصدتک اضافے کو عوام پر مہنگائی بم گرانے اور حکومتی دعووں کی سراسر نفی قرار دیتے ہوئے فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے حالیہ فیصلہ سے عوام پر 94 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ بجلی قیمتوں میں پہلے ہی اضافہ کردیا گیا ہے۔ سی این جی کی قیمتوں میں 15 روپے تک فی کلو اضافہ کے فیصلے سے ٹرانسپورٹ کے کرایوں اور روز مرہ کے اشیائے خورو نوش کی قیمتیں بھی آسمان پر پہنچنے سمیت مہنگائی کا ایک نیا طوفان آئے گا۔ عام آدمی کی مشکلات کم اور عوام کو ریلیف دینے والے دعوے کے برعکس پی ٹی آئی کے نئے پاکستان میں غریبوں کا زندہ رہنا مشکل بنایا جارہا ہے۔ موجودہ حکومت بھی سابقہ حکومتوں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے عالمی مالیاتی اداروں کی ڈکٹیشن اور مفادات کو پورا کرنے میں مصروف عمل ہے۔ حکومت مہنگائی، بیروزگاری، کرپشن اورملک کو مدینہ جیسی مثالی ریاست بنانے کے قوم سے کئے گئے وعدے پر عمل کرے۔
تازہ ترین