• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ حکومت نے بیڈ گورننس کا مظاہرہ کرتے ہوئے شہر کو تباہ کردیا،وسیم اختر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ گزشتہ دس برسوں میں حکومت سندھ نے بیڈ گورننس کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس شہر کو تباہ کردیا گیا ترقیاتی کاموں کے نام پر جو پیسہ غیرضروری استعمال کیا گیا وہ اگر اس شہر کی تعمیر اور انفرااسٹرکچر کی بہتری کے لئے خرچ کیا جاتا تو اس شہر کا نقشہ تبدیل نظر آتا،ہم نے اس شہر کو بنانے اور سنوارنے کا بیڑا اٹھا لیا ہے اور اس شہر کی تعمیر و ترقی کے لئے کوشاں ہیں ، جمعیت پنجابی سوداگران دہلی کی جانب سے اللہ والا ٹائون کورنگی میں اپنی مدد آپ کے تحت برساتی نالے کی تعمیر خوش آئند ہے امید ہے کہ دیگر ادارے اور سوسائٹیاں بھی اس شہر کو اون کرتے ہوئے اپنے اپنے علاقوں میں ترقیاتی کاموں کا آغاز کریں گی، ہم اپنے وسائل کے مطابق ان کا بھرپور ساتھ دیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نےاللہ والاٹائون کورنگی میں برساتی نالے کی تعمیر کے معائنہ اور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر وائس چیئرمین بلدیہ کورنگی سید احمر علی، ورکس کمیٹی کے چیئرمین حسن نقوی، پارکس کمیٹی کے چیئرمین خرم فرحان، ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز ، کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے نمائندوں ، چیف انجینئر کورنگی، جمعیت پنجابی سوداگران دہلی کے صدر سعید شفیق، جنرل سیکریٹری سلیم فاروقی سمیت دیگر عہدیداران، کراچی چیمبر آف کامرس کے سابق صدر شمیم عارف فرپو اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد موجود تھی، میئر کراچی نے کہا کہ ہم اللہ والا ٹائون کو ایک آئیڈیل اور ماڈرن علاقہ بنانا چاہتے ہیں، اللہ والا ٹائون کا بنیادی مسئلہ سیوریج اور پانی کا ہے جسے حل کرنے کی بھرپور کوشش کی جا رہی ہے انہوں نے کہا کہ اس برساتی نالے کی تعمیر سے علاقے کے لوگوں کی برسات کے دوران پیش آنے والی مشکلات حل ہوں گی جبکہ نالے کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد اگلے دو ماہ میں بالترتیب دو طرفہ روڈ کی تعمیر کی جائے گی جبکہ اندرونی گلیوں کی کارپیٹنگ اور فٹ پاتھ کو بھی تعمیر کیا جائے گا، علاوہ ازیں علاقے کو سرسبز و شاداب بنانے کے لئے بلدیہ عظمیٰ محکمہ پارکس کی جانب سے 500 سے زائد پودے فراہم کئے جائیں گے جو علاقہ مکین اپنے اپنے گھروں کے آگے لگائیں گے اور ان کی پرورش اور دیکھ بھال بھی کریں گے جس سے یہ علاقہ آئندہ برسوں میں سرسبز ہوجائے گا، انہوں نے کہا کہ علاقہ مکینوں کی سہولت کے پیش نظر یہاں طویل عرصے سے قائم تجاوزات کا خاتمہ کردیا گیا ہے اور جو تجاوزات اب تک قائم ہیں انہیں بھی جلد ہٹا دیا جائے گا، انہوں نے ہدایت کی کہ برساتی نالے کے اوپر سے گزرنے والی سیوریج کی لائنوں کو منقطع کرکے وہاں موجود سیوریج لائنوں میں منتقل کردیاجائے۔
تازہ ترین