• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’موقع موقع‘‘ کی بات پرانی، نیا میچ نیا دن ہے، سرفراز

دبئی (نمائندہ خصوصی) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے اعتراف کیاہے کہ بھارت کے خلاف میچ کا پریشرضرور ہے۔ ہم نے اپنے کھلاڑیوں کو کہا ہے کہ ہر میچ کو پاک بھارت میچ سمجھ کر کھیلیں۔ اسی پریشر کو برداشت کرکے ایونٹ جیت سکتے ہیں۔ کوشش کریں گے پریشر کو اپنے اعصاب پر سوار نہ ہونے دیں۔ کوشش کررہے ہیں کہ پاکستانی ٹیم نارمل انداز میں میچ کھیلے۔ بھارت انگلینڈ سے سیریز ہار کر آیا ہوا ہے اس لئے وہ دبائو میں ہوگا۔ تاہم سرفراز احمد نے یہ ماننے سے انکار کردیا کہ دبئی میں پاکستان کو ہوم ایڈوانٹیج ہوگا۔ وہ منگل کو دبئی کی آئی سی سی اکیڈمی میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ سرفراز احمد نے کہا کہ دبئی ہمارا ہوم گرائونڈ ضرور ہے لیکن کنڈیشن تمام ٹیموں کے لئے برابر ہیں۔ یہاں کا موسم اور پچ بھارت، بنگلہ دیش اور سری لنکا جیسی ہے۔ اس لئے یہاں سب ٹیموں کو برابر کا ایڈوانٹیج ہے۔ پچیں سلو ہیں۔ سرفراز احمد نے ٹیم کے بارے میں میڈیا کو بتانے سے انکار کردیا البتہ یہ ضرور کہا کہ میں اور کوچ پلیئنگ الیون کے بارے میں کلیئر ہیں۔ ہمیں پتہ ہے کہ میچ میں کیا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا اچھا وقت تھا جو گذر گیا۔ اب نیا میچ اور نیا دن ہے۔ وہ یاد گار میچ ہے جوکھلاڑی ٹیم کا حصہ ہیں وہ اس میچ کو یاد رکھیں گے۔ اس میچ کی یادیں نا قابل فراموش ہیں۔ ہمیں اس ٹورنامنٹ میں جو اچھا اسٹارٹ ملا ہے اسے آگے لے کر جانا چاہتے ہیں۔’’ موقع موقع‘‘ کی بات بھی پرانی ہوگئی ہے۔ شائقین جو چاہیں کریں ہم اس میچ کے لئے فوکس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت میچ میں جنون عروج پر ہوتا ہے۔ جب اپنے گھر میں ہوتے ہیں تو ہر کوئی یہی کہہ رہا ہوتا ہے کہ بھارت کو ہرانا ہے۔ ہمیں نیک خواہشات ملتی ہیں۔ اسی طرح بھارتی کھلاڑیوں کو بھی اپنے لوگوں کی جانب سے نیک خواہشات ملتی ہیں۔ اس میچ میں جو پرفارم کرتا ہے وہ اپنی قوم کے سامنے ہیرو بن جاتا ہے۔ پرستار ٹیم کے لئے دعا کریں۔ ٹیم مثبت ہے، اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔ اگر کوئی کہے کہ پاک بھارت میچ میں کھلاڑی نارمل ہیں تو میں اسے نہیں مانوں گا۔ ٹی وی چینل اور سوشل میڈیا پر اس میچ کا بار بار تذکرہ ہورہا ہے ہم نے ٹیم سے کہا کہ اس میچ کو نارمل میچ لیں۔ 

تازہ ترین