• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہانگ کانگ نے بھارتی بولنگ کو بے نقاب کردیا، 174 رنز کی اوپننگ شراکت

دبئی (عبدالماجدبھٹی) ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں کوالیفائر ٹیم ہانگ کانگ نے کہیں زیادہ تجربہ کار اور عالمی نمبر ایک بھارتی ٹیم کی بولنگ کو بے نقاب کردیا۔ ناتجربہ کار سائیڈ کے اوپنرز نے 174 رنز کی حیران کن پارٹنرشپ قائم کی۔ نزاکت خان نے 92 اور کپتان انشومن راتھ نے 73 رنز بنا کر بھارتی ٹیم کو حواس باختہ کردیا تھا۔بھارت نے ہانگ کانگ کو جیت کے لئے286 رنز کا ہدف دیا تھا۔ بھارت کی جانب سے شیکھر دھون نے سنچری اسکور کی۔ منگل کو دبئی میں گروپ اے کے میچ میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سات وکٹ پر285 رنز بنائے۔ اوپنر شیکھر دھون نے120گیندوں پر127 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں 15 چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔ شیکھر نے کپتان روھت شرما کے ساتھ پہلی وکٹ پر47رنز کا اضافہ کیا۔ دھون کی عمدہ بیٹنگ جاری رہی اور انہوں نے ون ڈے کرکٹ میں اپنی 14ویں سنچری مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ 33ر نز بنانے والے دنیش کارتھک کے ہمراہ 79رنز جوڑے۔ہانک کانگ نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا ۔اس موقع پر دھون کا ساتھ دینے امبتی رائیڈو آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے 116 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کردیا۔احسان نواز نے رائیڈو کی اہم وکٹ حاصل کر کے اپنی ٹیم کو دوسری کامیابی دلائی جنہوں آؤٹ ہونے سے قبل 60رنز بنائے۔انہوں نے70گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے دو چھکے اور تین چوکے مارے۔دھون کے آؤٹ ہونے کے بعد بھارتی ٹیم تیزی سے رنز اسکور کرنے میں ناکام رہی اور آخری 10اوورز میں 6کی اوسط سے بھی اسکور نہ کرسکی۔سابق کپتان ایم ایس دھونی نے کھاتہ کھولنے کی زحمت نہ کی اور صفر پر ہی آؤٹ ہوگئے۔ہانگ کانگ کی جانب سے کنچٹ شاہ نے 3 اور احسان خان نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔واضح رہے کہ ایشیا کپ میں ہانگ کانگ کی ٹیم نے پہلا میچ پاکستان کے خلاف کھیلا تھا جس میں قومی ٹیم نے ہانگ کانگ کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

تازہ ترین