• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سوئی ناردرن گیس نے پریمیئر فٹبال لیگ کیلئے کوالیفائی کرلیا

کراچی (شکیل یامین کانگا /اسٹاف رپورٹر) شعیب اور عمران کی عمدہ کارکردگی کی بدولت سوئی ناردرن گیس (ایس این جی پی ایل) نے کراچی یونائیٹڈ کو 7-0کی بڑی شکست دیکر پاکستان پریمیئر لیگ فٹ بال کی 16ویں ٹیم ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ پلے آف کے میچز مکمل ہونے کے بعد پی پی ایل 2018 میں سولہ ٹیمیں شرکت کریں گی۔ ملک کی سب سے بڑی پاکستان پریمئر لیگ کا آغاز 25 ستمبر سے ہوگا جس کے میچز کے شیڈول کا آغاز آئندہ ایک دو روزہ میں کردیا جائے گا۔ لیگ میں دفاعی چیمپئن کے الیکٹرک، پاکستان آرمی، پاکستان ایئرفورس، پی آئی اے، واپڈا، کے آر ایل، نیشنل بینک، پاکستان نیوی، کراچی پورٹ ٹرسٹ، مسلم ایف سی (چمن)، افغان ایف سی (چمن)، بلوچستان ایف سی (نوشکی)، سول ایوی ایشن اتھارٹی، سوئی سدرن گیس کمپنی، اشرف شوگر ملز، ایس این جی پی ایل کی ٹیمیں شامل ہیں۔ ماڈل ٹاؤن فٹبال اکیڈمی گرائونڈ پر کھیلے جانے والے میچ میں ایس این جی پی ایل کا آغاز انتہائی شاندار رہا اور محمد صہیب نے میچ کے تیسرے اور پھر 16ویں منٹ میں گول کرکے ٹیم کو 2-0 کی برتری دلا دی۔ شاہ زیب نے 26 ویں منٹ میں ٹیم کا تیسرا جبکہ پہلے ہاف کے اختتام سے قبل محمد سوہیر نے اسکور4-0 کردیا۔ وقفے کے بعد عمران نے57 ویں منٹ میں گول ٹیم کا پانچواں اور پھر5 منٹ بعد ایک اور گول کرکے اسکور 6-0 کیا۔ ساتواں گول عبداللہ نے 81 ویں منٹ میں کیا۔ پاکستان پریمیئر لیگ 2018 کیلئے 12 ٹیموں کا فیصلہ 2015میں کارکردگی کی بنیاد پر ہوا جبکہ چیلنجکپ 2018 اور بی ڈویژن 2014 سے سامنے آنے والی 8ٹیموں میں سے 4کا فیصلہ کوالیفائرز سے ہوا۔
تازہ ترین