• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی عرب میں ہزاروں برس قدیم تاریخی مقامات دریافت

کراچی ( نیوز ڈیسک) سعودی عرب اور فرانس کے ماہرین آثار قدیمہ نے جنوبی پہاڑی علاقے سے ہزاروں برس قدیم تاریخی مقامات دریافت کر لیے ۔ سعودی عرب کے دارالحکومت کے جنوبی علاقے الخرج کے پہاڑوں، وادی نساح، وادی ماوان، عین فرزان اور الشدیدہ قصبے پر سایہ فگن پہاڑوں کا دورہ کر کے تاریخی مقامات دریافت کئے گئے ہیں ۔ ماہرین آثار ِ قدیمہ کے مطابق الخرج میں پہلی بار قدیم ہجری (پتھر کے) دور کے مقامات دریافت ہوئے ہیں۔ یہاں سے مٹی کے سادہ برتن کے ٹکڑے، گہرے سبز رنگ اور جڑی بوٹیوں والے سبز رنگ سے منقش برتن ملے ہیں ۔ شیشے کے سفوف سے بنائے گئے کڑوں کے ٹکڑے اور صابونی پتھر کے برتن بھی ملے ہیں ۔ ان علاقوں میں 18 ماہرین پر مشتمل ٹیم سعودی محکمہ سیاحت و قومی آثار کی نگرانی میں کام کر رہی تھی ۔ انہیں پانچ ہزار برس پرانی انسانی آبادی کے نشانات بھی الخرج نخلستان کے مغرب میں عین الضلع مقام پر نظر آئے ہیں ۔ انہیں 56 سینٹی میٹر (تقریبا دو فٹ) لمبی تانبے کی ایک تلوار بھی ملی ہے ۔ ماہرین کھدائی کے دوران پانچ ویں صدی ہجری کے پرانے مکانات اور قدیم زرعی فارم بھی دیکھنے کو ملے ہیں۔

تازہ ترین