• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جاذب قریشی ، نئی شعری فضا کے شاعر ہیں ، پروفیسر سحر انصاری

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ممتاز شاعر اور نقاد ، پروفیسر سحر انصاری نے کہا ہے کہ جاذب قریشی نئی شعری فضا کے شاعر ہیں ۔ انہوںنے نئی نسل کو شعر و ادب کی جانب راغب کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’بزم یاور مہدی‘ کی جانب سے ممتاز شاعر، نقاد اور متعدد اہم کتابوں کے خالق پروفیسر جاذب قریشی کے اعزاز میں منعقدہ ’تقریب پذیرائی‘ کے موقع پر اپنے صدارتی خطاب میں کہا ۔ تقریب کی ندیم ہاشمی نے نظامت کی اور بزم کے روحِ رواں ، یاور مہدی نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا ، دیگر مقررین میں شیخ راشد عالم ، راشد نور، سلمان صدیقی، سلیم نوز اور رخسانہ صبا شامل تھے ۔ اس موقع پر جاذب قریشی کی خدمت میں ’لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ‘ بھی پیش کیا گیا۔ جاذب قریشی نے اپنے خطاب میںکہا کہ آج سے 50 برس قبل یاور مہدی نے مجھے ’بزم طلبہ‘ میںروشناس کرایا تھا اور پروفیسر سحر انصاری نے مجھے ہمیشہ حوصلہ دیا ، ان دونوںشخصیات کا میں تمام زندگی احسان مند رہوںگا ۔ رخسانہ صبا نے کہا کہ جاذب قریشی کی شاعری کو سمجھنے کے لیے ایک تربیت یافتہ ذہن کی ضرورت ہے، ارشد نور نے کہا کہ ان کی تحریروں میں ہمارے عہد کا پورا منظر نامہ نظر آتا ہے ۔ سلمان صدیقی نے کہا کہ ان کی شاعری اور نثر میںنیا پن پایا جاتا ہے ۔
تازہ ترین