• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بریگزٹ پر دوبارہ ریفرنڈم، میئرلندن صادق خان کا مطالبہ عوامی امنگوں اور جذبات کے مطابق ہے، جنگ سروے

بریڈفورڈ،مانچسٹر، ہیلی فیکس(محمد رجاسب مغل/تنویر کھٹانہ/زاہد انور مرزا)یورپی یونین سے اخراج کے حوالے سے میئر آف لندن صادق خان کے نیا ریفرنڈم کرانے کے مطالبے سے برطانوی سیاست میں ایک بار پھرہلچل شروع ہوگئی ۔ اس سے قبل وزیراعظم برطانیہ نے یورپی یونین سے اخراج سے متعلق کسی بھی نئے ریفرنڈم کو مستردکرتے ہوئے اسے عوامی مینڈیٹ قرار دیا تھا۔بریگزٹ کے معاملے پر برطانیہ میں چھڑنے والی نئی بحث پر روزنامہ جنگ نے مختلف لوگوں سے سروے کیا۔ لیڈز سے لیبرپارٹی کے سینئر رہنما کونسلر اصغر خان نے کہا کہ عوام کے مینڈیٹ کا احترام کرنا چاہئے اور کسی اور ریفرنڈم کی جانب نہیں جانا چاہئے۔ بار پھر ریفرنڈم کی طرف جانا لیبرپارٹی کے لئے تباہ کن ثابت ہوسکتا ہے۔ عوامی مینڈیٹ کا احترام کرتے ہوئے ملکی مفاد میں پالیسیاں بنانے کی ضرورت ہے۔کیتھلے سے کنزرویٹو پارٹی کے رہنما علی اکبرچشتی کا کہنا ہے کہ میئر لندن صادق خان کا مطالبہ زمینی حقائق کے عین مطابق ہے، پہلے ریفرنڈم میں عوام کوادراک نہیں تھا، اب سفری مشکلات سمیت کساد بازاری ،معاشی اور معاشرتی مشکلات سے عوام کی رائے بدل سکتی ہے۔ کونسلر صبیحہ خان کا کہنا ہے کہ پہلے ریفرنڈم میں لوگوں کو بریگزٹ سے پڑنے والے اثرات کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا گیااس وقت یہ کہا جارہا تھا کہ یورپین یونین سے نکلنے پر نیشنل ہیلتھ سروس کو 350ملین پونڈ مل سکیں گے، لوگوں کا معیار زندگی بہتر ہوگا لیکن عوام سمجھ رہے ہیں کہ بریگزٹ کے فیصلے کے بعد لوگوں کی زندگیوں پر گہرا اثر پڑا ہے اور غربت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ میئر لندن کا دوبارہ ریفرنڈم کرانے کا مطالبہ جائز اور عوامی امنگوں کے عین مطابق ہے۔ مانچسٹر سے کاشف عزیز نے کہا کہ برطانیہ کا مفاد یورپ کے ساتھ رہنے میں ہے۔ پہلے ریفرنڈم میں عوام کو اسکے نقصانات کا علم نہ تھا اب لوگ برطانیہ کے یورپ سے انخلا پر اپنے تحفظات کا اظہار کررہے ہیں،اگربرطانیہ کو یورپ سے علیحدہ ہونا پڑا تو وزیراعظم کو عوام کیلئے معاشی طور پر اور امیگریشن کے حوالے سے اچھی ڈیل لینی ہوگی ورنہ دوسرے ریفرنڈم کا مطالبہ زور پکڑتا جائے گا۔ جیاراٹھورکاکہناتھاکہ میں نے پہلے ریفرنڈم میں بھی یورپ میں رہنےکےحق میں ووٹ دیا تھا، لوگوں نے امیگریشن کے نرم قوانین کے حوالےسےیورپ سے انخلاکاووٹ دیاتھالیکن اب سبھی کوغلطی کااحساس ہورہاہے، صادق خان کامطالبہ عوامی امنگوںکاترجمان ہے۔جنت اقبال کاکہناتھاکہ بریگزٹ سےبرطانیہ کی معیشت کمزورہوگی اورعوام کواسکافائدہ ہونےکےامکانات کم ہیں۔ بریگزٹ کےحوالے سے دوسرار یفرنڈم ضرور کروانا چاہیے۔ ہیلی فیکس سے ڈاکٹر شاہد نے کہا ہے کہ یورپی یونین میں رہنا نہ صرف برطانیہ کے قومی مفاد میں ہے بلکہ مسلمانوں کے مفاد میں بھی ہے اس لئے ضروری ہے کہ ایک بار پھر ریفرنڈم کروایا جائے جس میں عوام کی اصل رائے حاصل کی جائے۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما چوہدری ریاض احمد نے کہا ہے کہ یورپی یونین کے ساتھ رہنا برطانیہ کے مفاد میں ہے، اس سے برطانیہ مزید ترقی کرےگا، انہوں نے کہا کہ ایک بڑی تعداد میں برطانوی شہری یورپی ممالک میں کام کررہے ہیں اسی طرح علیحدہ ہونے سے کئی مسائل پیدا ہوں گے۔پاکستان پیپلزپارٹی برطانیہ کے نائب صدر چوہدری ندیم قیصر نے میئر لندن صادق خان کے ریفرنڈم کے مطالبہ کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ برطانیہ کو یورپی یونین کے اندر رہنا چاہئے تاکہ برطانیہ میں بیروزگاری نہ بڑھے۔وزیراعظم تھریسامے کو فوری طورپر ریفرنڈم کا اعلان کرنا چاہئے، معاشی کساد بازاری اور سفری پابندیوں کے خدشات کے پیش نظر حکومت کو ایک اور ریفرنڈم کروانا ہوگا تاکہ عوام کی اصل رائے معلوم ہوسکے۔ یورپ کے اندر رہنا ہی ایشیائی کمیونٹی کے مفاد میں ہے لیکن افسوس کے ساتھ گزشتہ ریفرنڈم میں ہماری کمیونٹی نے بہت کم حصہ لیا جس سے ریفرنڈم کے نتائج ہماری امیدوں کے برعکس آئے۔ پاک آرٹ سوسائٹی ہیلی فیکس کے صدر الحاج رب اختر نے کہا ہے کہ برطانیہ کا یورپی یونین کے اندر رہنا برطانیہ کے مفاد میں ہے۔ یورپی یونین نے ہمیشہ انسانی حقوق کا احترام کیا ہے۔ میئر لندن نے ریفرنڈم کا مطالبہ کرکے عوام کو ایک بار پھر موقع فراہم کیا ہے، برطانیہ کو یورپی یونین کے اندر رہ کر اپنا کردار ادا کرنا چاہئے، اسی سے برطانیہ مزید ترقی کرے گا۔

تازہ ترین