• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یورپ کی سڑکوں پرخراب ڈیزل گاڑیوں کی تعداد میں اضافہ

لندن (جنگ نیوز) ٹرانسپورٹ اینڈ انوائرمنٹ گروپ نے اپنی سٹڈی میں انکشاف کیا ہے کہ یورپ کی سڑکوں پر خراب ڈیزل میں اضافہ ہو رہا ہے اور گزشتہ تین برسوں میں خراب ڈیزل گاڑیوں سے سڑکوں پر زہریلا اخراج ہو رہا ہے۔ صرف برطانیہ کی سڑکوں پر ایسی گاڑیوں ‘ کاروں وینز کی تعداد 7 ملین سے زیادہ ہے۔ یورپ میں ستمبر 2015 میں جب ڈیزل گیٹ سکینڈل منظر عام پر آیا تھا تو اس وقت سڑکوں پر 29 ملین ایسی گاڑیاں چل رہی تھیں جن سے سڑکوں پر ہونے والا زہریلا اخراج یورپی یونین کی سرکاری لیبارٹری کی حد سے کہیں زیادہ تھا اور اب ایسی گاڑیوں کی تعداد بڑھ کر 43 ملین ہو گئی ہے ۔ ٹرانسپورٹ اینڈ انوائرمنٹ (ٹی اینڈ ای) گروپ نے اپنے تجزیے میں کہا کہ فرانس میں سڑکوں پر انتہائی خراب ڈیزل گاڑیاں چل رہی ہیں۔ جن کی تعداد 8.7لین ہے۔اس کے بعد جرمنی میں 8.2 ملین اور برطانیہ میں 7.3ملین خراب ڈیزل گاڑیاں سڑکوں پر رواں دواں ہیں ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ستمبر 2019 تک یورپ کی سڑکوں پر خراب ڈیزل گاڑیوں کی تعداد میں اضافہ جاری رہے گا۔ جب شو رومز سے نگلنے والی پرانے ماڈل کی گاڑیوں پر نئے یورپی یونین ریگولیشنز کا اطلاق ہو گا۔ ٹی اینڈ ٹی کے فلورنٹ گریلیئر نے کہا کہ آلودگی پھیلانے والے وہیکلز کو سڑکوں سے صاف کرنے کیلئے یورپی یونین کو ایکش لینے اور ٹھوس اقدامات کرنے کی ضرورت ہے جن سے زہریلا اخراج ہو رہا ہے۔ ایسی گاڑیوں کی فروخت اور سڑکوں پر لانے پر اس وقت تک پابندی عائد کر دی جانی چاہیے جب تک ان کو فکس نہ کر لیا جائے ورنہ یہ گاڑیاں آلودگی پھیلا کر دہائیوں تک شہریوں کی صحت کو نقصان پہنچاتی رہیں گی۔ برطانیہ کی سڑکوں پر ڈیزل گاڑیوں سے خارج ہونے والی نائٹروجن آکسائیڈ کی غیر قانونی سطح سے ہر سال 23500 افراد جلد موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔ امریکہ اور جرمنی میں آلودگی پھیلانے والے وہیکلز کی فروخت پر کار مینیو فیکچررز پر اربوں پونڈ کے جرمانے عائد کیے جا چکے ہیں۔ گروپ نے برطانیہ سپین نیدرلینڈ جرمنی فرانس میں ایسی گاڑیوں کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا ہے۔ یورپیئن آٹوموبائل مینیو فیکچررز ایسوسی ایشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ انڈسٹری نے آلودگی کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے خاصی سرمایہ کاری کی ہے۔ اور نئی گاڑیاں مستقبل کے CO2 ٹارگٹ کو پورا کرنے میں معاون ثابت ہوں گی۔

تازہ ترین