• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حضرت امام حسینؓ نے اسلام کیلئے اپنا سب کچھ قربان کیا، پیر دلیر بادشاہ

برمنگھم (ابرار مغل) نواسہ رسول حضرت امام حسین اور ان کے ساتھیوں کی میدان کربلا میں اسلام کی بقا کے لئے بے مثال قربانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے برمنگھم کی مختلف مساجد، امام بارگاہوں، روحانی و دینی مراکز میں محرم الحرام کی مجالس اور محافل کا سلسلہ جاری ہے۔ محافل اور مجالس میں شہدا کربلا کی جرأت اور بہادری پر روشنی ڈالتے ہوئے علما و مشائخ نے زور دیا ہے کہ جرأت حسین اور شجاعت شبیری اپناکر کلمہ حق بلند کیا جائے۔ دربار عالیہ جھنڈے والی سرکار دینہ پاکستان کے سجادہ نشین صاحبزادہ پیر سید دلیر بادشاہ بخاری کے آستانے پر بھی شہدا کربلا کی یاد میں محافل کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ نواسہ رسولؐ حضرت امام حسین اور ان کے ساتھیوں کی یزیدی آمریت کے خلاف تاریخ ساز جنگ پر شہدا کربلا کو خراج عقیدت پیش کیا جارہا ہے۔ پیر سید دلیر بادشاہ بخاری نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ نے اسلام کو زندہ رکھنے کے لئے اپنا سب کچھ قربان کردیا۔ یزیدی ٹولہ تمام تر مظالم کے باوجود حسینی سر جھکا نہ کرسکا۔ نواسہ رسول اور ان کے اہل خانہ پر بدترین مظالم دراصل اسلام کی بقا اور سلامتی کی بنیاد ہے۔ حضرت امام حسینؓ نے اپنا خون پیش کرکے اسلام کو بچالیا۔ ایسی قربانی تاریخ اسلام میں کہیں نہیں ملتی ہے۔ جبکہ اسی طرح مختلف مساجد میں بھی شہدا کی یاد میں محافل منعقد ہورہی ہیں۔ امام بارگاہوں میں میدان کربلا میں برپا ظلم و ستم پر ماتم گری اور عزاداری کی جارہی ہے۔
تازہ ترین