• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انڈس اسپتال میں کولہے کی ہڈی، گھٹنوں و جوڑوں کی تبدیلی کے 65 آپریشن

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امریکہ سے آئے آرتھوپیڈک سرجنز کی ٹیم نے انڈس ہسپتال کراچی میں پانچ دنوں میں کولہے کی ہڈی اور گھٹنوں و جوڑوں کی تبدیلی کے65 آپریشن کیے۔ٹیم کی قیادت ڈاکٹر عمر برنی نے کی جبکہ اراکین میں ڈاکٹر سید عاطف احمد، ڈاکٹر محمد خالد یوسف، ڈاکٹر اسکاٹ لیسن برینڈن، ڈاکٹر ریٹ اسٹین اور انڈس ہسپتال کے سینئر آرتھوپیڈک سرجن پروفیسر امین چنائے اور پروفیسر منصور علی خان شامل تھے ۔ اس ضمن میں انڈس ہسپتال کے سینیئر اورتھوپیڈک کنسلٹنٹ پروفیسر منصور علی خان نے بتایاکہ پاکستان میں جوڑوں کی تبدیلی کی ضرورت میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ لوگوں کی اوسط عمر بڑھ رہی ہے اور عمر بڑھنے سے جوڑوں میں خرابی کا عمل تیز ہوجاتا ہے۔ خوش آئند امر یہ ہے کہ جوڑوں کی تبدیلی کے آپریشن کے بعد مریض اپنے روزمرہ امور خود انجام دینے کے قابل ہوجاتے ہیں۔پروفیسر امین چنائے نےبتایاکہ انڈس ہسپتال میں 2008 سے کولھے اور گھٹنے کے جوڑوں کی تبدیلی کے آپریشن کیے جارہے ہیں۔ گوکہ یہ ایک نہایت مہنگا آپریشن ہے تاہم انڈس میں دیگر پروسیجرز کی طرح یہ آپریشن بھی بالکل مفت کیے جاتے ہیں۔

تازہ ترین