• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میںعدم اضافے کے باوجود سبزیوں کی قیمتیں 20 سے 30 فیصد تک بڑھ گئیں

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کے باوجود حیدرآباد میں منافع خوروں نے سبزیوں کی قیمتوں میں 20 سے 30 فیصد تک اضافہ کردیا ہے‘ ٹماٹر 60 سے 100 روپے‘ آلو 20 سے 30 روپے فی کلو فروخت ہورہے ہیں جبکہ عشرہ محرم الحرام میں سبزیوں کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے نذر و نیاز کرنے والےہزاروں شہریوںکو اضافی اخراجات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ پرائس کنٹرول کمیٹی سمیت انتظامیہ کی نااہلی کے باعث منافع خور شہریوں کو کھلے عام لوٹ رہے ہیں۔ حیدرآباد میں گذشتہ ایک ہفتے کے دوران سبزیوں کی قیمتوں کو پر لگ گئے ہیں‘ 50 سے 60 روپے میں فروخت ہونے والے ٹماٹر 100 سے 120 روپے فی کلو تک پہنچ گئے ہیں۔ سبزی منڈی تاجران کے مطابق ماہ محرم الحرام میں ہر سال طلب میں اضافے کے باعث ٹماٹر‘ آلو‘ گوشت و دیگر اشیاءکی قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے۔ سبزی منڈی اور ہول سیلرز کے مطابق حیدرآباد میں ٹماٹر کی اوسط روزانہ طلب 6 ہزار من (دو سے ڈھائی لاکھ کلو) ہے تاہم مذہبی تہواروں پر مذکورہ طلب میں 30 سے 40 فیصد اضافہ ہوتا ہے۔ شہر کی بڑی مارکیٹس‘ سبزی منڈی‘ لجپت روڈ‘ لطیف آباد نمبر 5,7,12 ‘ ٹاور مارکیٹ‘ پھلیلی‘ مین قاسم آباد و دیگر میں ٹماٹر 100 سے 120 روپے فی کلو فروخت ہورہے ہیں۔ اسی طرح آلو 10 روپے اضافے کے ساتھ 30 روپے اور ہری مرچ 100 سے 130 روپے میں فروخت ہورہے ہیں جبکہ ہرادھنیا‘ پودینا و دیگر سبزیوں کی قیمتوں میں بھی 20 سے 30 روپے فی کلو اضافہ ہوا ہے۔
تازہ ترین