• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران کی سرگرمیوں پر لگام ڈالنےکیلئےنیاعالمی معاہدہ ناگزیرہے،امریکا

واشنگٹن(آئی این پی)امریکی وزیر برائے توانائی ریک بیری نے کہا ہے کہ ایرانی دہشتگردانہ اور شدت پسندانہ سرگرمیوں پر لگام ڈالنے کے لئے نئے عالمی معاہدے کی ضرورت ہے، ایران کی دہشتگردانہ پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی،سابق معاہدے میں کئی خامیاں تھیں جس کی وجہ سے ناکام ہوا، ایرا اپنا دشمن خود ہے، عالمی برادری ایران کے خلاف متحد ہو کر کام کرے۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق انہوں نے ایران کی معاندانہ سرگرمیوں، دہشت گردی اور خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے ایک نئے عالمی معاہدے کی ضرورت پرزور دیا ہے۔ ویانا میں بین الاقوامی جوہری ایجنسی کے زیر اہتمام منعقدہ ایک کانفرنس سے خطاب میں امریکی وزیر کا کہنا تھا کہ ایران نے دہشت گردی کی پشت پناہی اور خطے میں مداخلت کی اپنی پالیسی تبدیل نہیں کی ہے۔انہوں نے 2015 کو ایران اور چھ عالمی طاقتوں کے درمیان طے پائے سمجھوتے کو معیوب ڈیل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران سے کیے گئے معاہدے میں کئی عیب اور کم زوریاں تھیں، جس کی وجہ سے وہ ناکام ہوگیا۔ دوسری جانب معاہدے کے باوجود ایران کی بدسلوکی کا سلسلہ جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ یہاں ویانا سے جولائی میں ایک ایرانی سفارت کار پکڑا گیا جو فرانس میں ایک ریلی میں میں بم دھماکے کے لیے دھماکہ خیز مواد فراہم کرنے کی دہشت گردی میں ملوث تھا۔ اس کے علاوہ حال ہی میں امریکی وزارت انصاف نے گرفتار کیے گئے ایران کے لیے جاسوسی کرنے والے دو ایرانیوں کو حراست میں لیا۔انہوں نے کہا کہ ایران کی روش میں تبدیلی نہ آنے کی وجہ سے ہم تہران پر پابندیاں بحال کرنے پر مجبور ہوئے ہیں۔ ایران نہ صرف اپنی جوہری سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے بلکہ اس نے خطے میں عدم استحکام کی سازشیں بھی جاری رکھی ہوئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایران کی دشمنانہ سرگرمیوں، جوہری اسلحہ کی تیاری ، دہشت گردی کی پشت پناہی اور خطے میں مداخلت کی پالیسی کی روک تھام کے لیے پوری دنیا کو ایک دوسرے کے ساتھ مل کر تہران کے خلاف کام کرنا ہوگا۔
تازہ ترین