• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آبادایکسپریس وے پرخوفناک حادثہ، 4کمسن بہن بھائی جاں بحق،ماں زخمی

اسلام آباد( خصوصی نامہ نگار) اسلام آباد ایکسپریس وے پرمیزائل چوک کے قریب تھانہ کورال کے علاقے میں تیز رفتار کار نے ماں کے ہمراہ سڑک عبور کرنےوالے چار بچوں کوکچل دیا، چاروں بچے زندگی کی بازی ہار گئے،جبکہ ماںشدیدزخمی ہوگئی جسےتشویشناک حالت میں پمزمنتقل کردیاگیا، جاں بحق ہونے والوں میں 10 سالہ نور فاطمہ ،ساڑھے سات سالہ علی حسنین،5 سالہ زینب اور اڑھائی سالہ احمد شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق میزائل چوک کے قریب واقع پیر جمشید کالونی کے رہائشی وسیم جنید اعوان کی اہلیہ جبین اکرم اپنے بچوں کے ہمراہ کری روڈ پر اپنےمیکے گئی ہوئی تھی وہاں سے وہ ویگن میں واپس آئے، گھر جانے کیلئے انہوں نے میزائل چوک کے سامنے سے سڑک عبور کرنی تھی، بچے ماں کے ہمراہ ایک دوسرے کا ہاتھ پکڑکر سڑک عبور کررہے تھے کہ لاہور نمبر کی ایل ای 2895 سفید کرولا کے ڈرائیور نے گاڑی آہستہ کرنے کی بجائے تیز رفتاری میں ماں بچوں کو کچل دیا اور موقع سے فرار ہوگیا۔ پولیس نے سیف سٹی کیمروں کی مدد سے گاڑی کا نمبر اور اس کے مالک کے بارے میں معلومات حاصل کرلی ہیں۔ وسیم جنید اعوان، ایبٹ آباد کا رہائشی ہے۔ خاتون خانہ کی حالت بھی خطرے میں بیان کی جارہی ہے ، چار بچوں کے جاں بحق اور خاتون خانہ کے شدید زخمی ہونے کی وجہ سے پیر جمشید کالونی میں ہر چہرہ اشکبار نظر آیا۔چار بچوں کے اکھٹے جنازے اٹھنے پر خواتین دھاڑیں مار مار کر روتی رہیں۔
تازہ ترین