• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان،71ترقیاتی منصوبے پی ایس ڈی پی سے نکالنے والوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

کوئٹہ (جنگ نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبے عوام کی ضروریات کے مطابق بنائے جائیں گے تو عوام کو ریلیف مل سکے گا، منصوبے صرف کاغذوں پر ہی نہیں بلکہ زمین پر نظر آنے چاہئیں،عوامی خدمات کی فراہمی کے محکموں کی کارکردگی بہتر ہونے سے ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل ہوسکیں گے۔بلوچستان محدود وسائل کا حامل صوبہ ہے لہٰذا ہم ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر اور وسائل کے ضیاع کے ہرگز متحمل نہیں ہوسکتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ مواصلات وتعمیرات کی کارکردگی اور محکمے کو درپیش مسائل کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اجلاس کے دوران کیا۔ صوبائی وزیر مواصلات وتعمیرات نوابزادہ طارق خان مگسی، چیف سیکریٹری ڈاکٹر اختر نذیر، قائم مقام ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی وترقیات محمد علی کاکڑ، سیکریٹری خزانہ قمر مسعود اور دیگر حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ سیکریٹری مواصلات وتعمیرات علی اکبر بلوچ نے اجلاس کو بریفنگ دی۔ اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں کے معیار کی بہتری ، وسائل کے صحیح استعمال اور ترقیاتی منصوبوں کو مرتب کئے جانے کے حوالے سے جامع پالیسی کی تشکیل سے متعلق امور پر غور کیا گیا اور بعض اہم امور طے کرکے انہیں منظوری کے لئے کابینہ میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
تازہ ترین