• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایڈمرل ظفر کی امریکی تھنک ٹینک اور سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں

اسلام آباد (اے پی پی) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے امریکا کے سرکاری دورہ کے دوران امریکی تھنک ٹینک اور سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں اور 23ویں انٹر نیشنل سی پاور سمپوزیم 2018 میں شرکت کی۔ پاک بحریہ کے سربراہ 18سے 23 ستمبر تک امریکا میں منعقدہ 23ویں انٹرنیشنل سی پاور سمپوزیم میں شرکت کے لئے امریکہ کے سرکاری دورے پر ہیں۔ اپنے دورے کے دوران انہوں نے خاتون کانگریس رکن شیلا جیکسن ،ایشین پیسفک (ڈیپارٹمنٹ آف ڈیفنس) رینڈل شرائیور، پریزیڈنٹ سنٹر فارنیو امریکن سیکورٹی کے صدر رچرڈ فونٹین، وائس پریزیڈنٹ ہیریٹج ڈاکٹر جیمز جے کارافانو اوراٹلانٹک کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر فریڈریک کیمپ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور بشمول دو طرفہ دفاعی تعلقات اور بحرِ ہند کی سیکورٹی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایڈ مرل ظفر محمود کا کہنا تھا کہ عالمی معیشت کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے مستحکم ، محفوظ اور پرامن میری ٹائم ماحول کے سلسلے میں پاکستان اور امریکا مشترکہ نظریے پر متفق ہیں، دہشت گردی کے خاتمے کےلئے پاکستان کے عزم اور اس جنگ میں پاکستان کی کارکردگی بالخصوص علاقائی امن وامان کو یقینی بنانے کے سلسلے میں پاک بحریہ کی کاوشوں پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ نیول چیف نے کثیرالقومی چیلنجز اور میری ٹائم خطرات کابھرپور انداز سے مقابلہ کرنے کےلئے عالمی سطح پر کی جانے والی کوششوں میں تیزی لانے کی ضرورت پر زور دیا۔
تازہ ترین