• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی کابینہ میں مزید 2؍ شامل ، ارکان کی تعداد 32ہوگئی

اسلام آباد ( طارق بٹ) زلفی بخاری اور علی محمد خان کی شمولیت کے ساتھ وفاقی کابینہ کے ارکان کی تعداد 32ہو گئی ہے، ان میں سے دو وزراء بے محکمہ ہیں۔ سید ذوالفقار عباس بخاری، پاکستانی نژاد برطانوی شہری ہیں۔ انہیں سمندر پار پاکستانیوں اور ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ کے لئے وزیراعظم کا خصوصی معاون بنایا گیا ہے ان سے قبل علی محمد خان کو وزیر مملکت بنایا گیا۔ تبصرے کیلئے رابطہ کرنے پر میڈیا کیلئے وزیراعظم کے خصوصی معاون افتخار درانی نے بتایا کہ زلفی کو وزیراعظم سے دوستی کی وجہ سے نہیں بلکہ بیرون ممالک پاکستانیوں کے امور میں مہارت کی وجہ سے خصوصی معاون بنایا گیا ہے۔ زلفی بخاری تنہا اپنے کام میں ماہر نہیں بلکہ عبدالرزاق دائود، ڈاکٹر عشرت حسین اور شہزاد اکبر کو بھی اپنے شعبوں میں مہارت کی وجہ سے ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ ان میں سے کسی نے بھی تحریک انصاف کے لئے کام کیا اور نہ ہی عمران خان سے وابستہ رہے۔ ایک سوال کے جواب میں افتخار درانی کا کہنا تھا کہ کابینہ میں مزید ارکان کو لیا جائے گا۔ کیونکہ متعدد وزارتیں وزراء کے بغیر ہیں۔ وفاقی وزیر علی محمد مہر (سندھ) اور وزیر مملکت محمد شبیر علی (پنجاب) محکموں سے محروم ہیں۔ اٹھارہویں آئینی ترمیم کے بعد آرٹیکل 92کے تحت وفاقی کابینہ سینیٹ اور قومی اسمبلی کے مجموعی ارکان کی کل تعداد کا 11فیصد ہونی چاہئے جو 446ارکان پر 49بنتی ہے۔ اسی آرٹیکل کے تحت سینیٹ سے وزراء اور وزراء مملکت کل تعداد سے ایک چوتھائی سے زائد نہیں ہونی چاہئے تمام 8مشیراور معاونین خصوصی غیر منتخب ہیں۔ معاونین خصوصی میں سوائے ایک کے باقی عرصہ طویل سے عمران خان کے ساتھی ہیں جن میں افتخار درانی، نعیم الحق اور زلفی بخاری شامل ہیں۔ شہزاد اکبر نیب کے سابق پراسیکیوٹر رہے۔ 

تازہ ترین