• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کے مشیر زلفی بخاری کا نام اب بھی ای سی ایل پر موجود

اسلام آباد( طاہر خلیل) اوورسیز پاکستانیوں کےلئے وزیراعظم کے نئے مشیر زلفی بخاری کا نام اب بھی ای سی ایل پر موجود ہے۔ زلفی بخاری کو 11جون 2018 کو وفاقی حکومت نے اس وقت سعودی عرب جانے کی اجازت دی تھی جب وہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے ہمراہ عمرے کی ادائیگی کے لئے گئے تھے۔ ان کا نام اس وقت بلیک لسٹ میں تھا۔ وفاقی حکومت نے انہیں ون ٹائم غیرملکی سفر کی اجازت دی تھی۔ عمرے سے واپسی کے بعد زلفی بخاری نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا کہ ان کا نام بلیک لسٹ سے خارج کیا جائے جس پر ان کی درخواست منظور ہوئی اورہائیکورٹ نے ان کا نام بلیک لسٹ سے نکال دیا تھا۔ ہائیکورٹ نے ساتھ ہی یہ آرڈر جاری کیا تھا کہ حکومت ان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے سے متعلق نیب کی درخواست پر 15 روز میں فیصلہ کرے جس پر نگران حکومت نے اگست میں زلفی بخاری کانام ای سی ایل میں شامل کردیا تھا جس کی منظوری نگران کابینہ سے لی گئی تھی۔ طے شدہ طریق کار کے مطابق ای سی ایل میں نام ڈالنے یا خارج کرنے کا فیصلہ وفاقی کابینہ کی منظوری سے مشروط ہے اوروزارت داخلہ وفاقی کابینہ کے فیصلے پر عملدرآمد کی پابند ہے ۔ زلفی بخاری کے خلاف نیب آف شور کمپنی کےمعاملات کی انکوائری کررہا ہے نیب میں ان کی دوپیشیاں ہوچکی ہیں جس میں نیب نے انہیں ایک سوالنامہ دیا ہے جس کے جواب کا نیب کو انتظار ہے۔
تازہ ترین