• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈیمز کی تعمیر اور نگرانی کیلئے کمیٹی قائم، حکومت کالاباغ ڈیم پرخدشات دور کرے، سپریم کورٹ

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) سپریم کورٹ نے منگل کے روز ʼ’’ملک میں پانی کی قلت اور نئے ڈیموں کی تعمیر‘‘ سے متعلق مقدمہ کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا۔سپریم کورٹ نے ڈیمزکی تعمیر اورکام کی نگرانی کے لیے عملدرآمد کمیٹی بھی قائم کردی ہے۔ 26صفحات پر مشتمل یہ فیصلہ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے تحریر کیا ہے۔ فیصلے میں فاضل عدالت نے حکومت سے نیک نیتی سے کالاباغ ڈیم کے حوالے سے فریقین کے خدشات دور کرنے اور اس سے متعلق مشترکہ مفادات کونسل کے فیصلوں پر عمل درآمد کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ تحریری فیصلے میں پانی کی اہمیت سے متعلق قرآن و حدیث کے ؤحوالے دیئے گئے ہیں ، فیصلے کے آغاز میں ہی برطانوی شاعر کی پانی کی اہمیت سے متعلق شعر کو فیصلے کا حصہ بنایا گیا ہے ، فیصلے میں پاکستانی دریائوں میں بہائو اور زراعت کو درپیش پانی کی کمی کو بھی اجاگر کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پاکستان پانی ذخیرہ کرنے والے ممالک میں آخری نمبر پرآتا ہے ، دنیا نے پانی ذخیرہ کرنے کیلئے ڈیم تعمیر کیے ہیں لیکن پاکستان میں آبی وسائل کے تحفظ اور ڈیموں کی تعمیر کیلئے کوئی اقدامات نہیں اٹھائے گئے ، فیصلے میں بیان کیا گیا ہے کہ پاکستان میں اس وقت 23 سے 25 ملین ایکڑ پانی ذخیرہ کرنیکی صلاحیت موجود ہے ،گزشتہ چھ سال میں 19040 ملین ڈالرز کا نقصان ہوا ہے ، نئے ڈیموں کی تعمیر سے 617 ملین ایکٹر فٹ پانی ذخیر کرنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا ، فیصلے میں عالمی بینک کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ امریکی ماہر ین نے کالا باغ کے مقام کوسستے اور معیاری ڈیم کی تعمیر کیلئے موزوں جگہ مقام قرارد یا ہے۔
تازہ ترین