• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اشتہارات کے واجبات کی ادائیگی کیلئے کمیٹی بنا رہے ہیں، صوبائی مشیر اطلاعات سندھ

کراچی (پ ر) وزیراعلی سندھ کے مشیر اطلا عا ت و قا نو ن بیر سٹر مر تضیٰ وہا ب نے کہا ہے کہ صحافی گھرانے سے میرا تعلق ہے اور کراچی پریس کلب کی عمارت سے میری بچپن کی یادیں وابستہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب میں کراچی یونین آف جنرنلسٹس کے زیر اہتمام میڈیا کنونشن سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور صحافی ایک گھرانے کی طرح ہیں، ان کے مسائل کو حل کرنے کے لئے مثبت سمت کی جانب قدم بڑھانا دونوں کا اخلاقی فرض ہے مگر میڈیا کے کچھ عناصر کی جانب سے حکومت سندھ کے خلاف منفی تاثر پیدا کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ اشتہارات کی منصفانہ اور شفاف تقسیم کے لئے ایک جامع پالیسی بنا رہی ہے جو چند روز میں سامنے لائی جائے گی اور پھر اسے کابینہ کے اجلاس سے منظور بھی کرایا جائے گا۔ مشیر اطلاعات نے کہا کہ اخبارات کو جاری کئے جانے والے سرکاری اشتہارات کی واجب الادا رقوم کی ادائیگی کے لئے ایک کمیٹی بنائی جارہی ہے جس میں محکمہ اطلاعات، محکمہ خزانہ اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے نمائندے شامل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کی طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے بہت جلد ہیلتھ کارڈ کی پالیسی بھی بنائی جائے گی جس کے بعد مصدقہ اور عامل صحافیوں کو صحت کارڈ جاری ہوں گے، پاکستان پیپلز پارٹی آزادی اظہار پر یقین رکھتی ہے۔ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا سے وابستہ صحافیوں کے خلاف کسی بھی غیر جمہوری عمل کی پاکستان پیپلز پارٹی سخت مذمت کرتی ہے۔ میڈیا کنونشن کے اجلاس میں مختلف صحافتی تنظیموں، اخباری مالکان کے نمائندوں، اخبارات کے ایڈیٹرز کے نمائندوں، صحافت سے وابستہ فوٹو گرافرز کے نمائندوں نے شرکت کی جن میں پریس کلب کے جنرل سیکرٹری مقصود یوسفی، اے پی این ایس کے جنرل سیکریٹری سید سرمد علی، سی پی این ای کے ڈاکٹر عبدالجبار خٹک، خورشید عباسی، خلیل ناصر، جی ایم جمالی، حسن عباس، عاجز جمالی، مظہر عباس، احمد علی اور حامد حسین نے خطاب کرتے ہوئے اخباری صنعت اور صحافت سے متعلق مسائل سے حاضرین کو آگاہ کیا۔ مشیر اطلاعات کے ہمراہ سیکریٹری اطلاعات عبدالرشید سولنگی، ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ اور ڈائریکٹر اطلاعات زینت جہاں نے شرکت کی۔
تازہ ترین