• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمرہ ویزے پر سعودی عرب کے کسی بھی شہر جانے کی اجازت

ریاض (جنگ نیوز) سعودی حکام نے بیرون ملک سے عمرے کے لیے آنے والے زائرین کو ملک کے کسی بھی شہر کی سیر کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ تاہم انہیں تیس روزہ ویزے میں سے کم از کم پندرہ دن مکہ اور مدینہ میں گزارنے ہوں گے۔عرب نشریاتی ادارے العربیہ کے مطابق سعودی حکام نے عمرہ ویزے پر آنے والے زائرین کو ملک کے کسی بھی شہر جانے کی اجازت دینے کی تصدیق کر دی ہے۔ سعودی روزنامے الیوم نے وزارت برائے حج و عمرہ کے انڈر سکریٹری عبدالعزیز الوزن کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے، ’’گزشتہ ہفتے دنیا بھر سے ایک ہزار سے زائد عمرہ زائرین سعودی عرب پہنچے ہیں جب کہ گزشتہ چار دنوں میں پچیس ہزار سے زائد ویزے جاری کیے گئے ہیں۔‘‘ان کا کہنا تھا کہ اب زائرین کو سعودی عرب کے دیگر شہروں کو دیکھنے کی بھی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ عبدالعزیز الوزن کے مطابق سعودی عرب آنے والے زائرین کی بہتری کے لیے یہ ایک بہت بڑا قدم ہے۔ تاہم انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ تیس روزہ ویزے میں سے زائرین کو کم از کم پندرہ دن دو مقدس شہروں مکہ اور مدینہ میں گزارنا ہوں گے۔سعودی عرب کے دیگر شہروں کی سیاحت کی اجازت کی تصدیق کرتے ہوئے ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ شوال کے مہینے کے اواخر تک عمرہ زائرین کی تعداد آٹھ عشاریہ پانچ ملین تک پہنچ جائے گی جب کہ گزشتہ برس ایسے زائرین کی تعداد سات ملین سے تجاوز کر گئی تھی۔
تازہ ترین