بنوں (نمائندہ جنگ) اکرم خان درانی کالج بنوں کے سیکڑوں طلباء نے کالج کے پرنسپل اور اساتذہ کے رویئے کے خلاف بنوں کوہاٹ روڈ کو ٹائون شپ کے مقام پر ٹائر جلا کر اور رکاوٹیں کھڑی کرکے پانچ گھنٹے سے زائد بند کردیا جبکہ مشتعل طلباء نے کالج اور اساتذہ کی گاڑیوں پر پتھرائو کرکے شیشے اور دروازے توڑ دیئے۔ طلباء نے کالج کے مین گیٹ کے مورچوں کے دروازے بھی توڑ ڈالے، کالج کے پنکھے اور دیگر سامان کو نذر آتش کیا، مختلف کلاسوں اور دفاتر کے شیشے اور بورڈ توڑ دیئے، احتجاج کے دوران تین طلباء زخمی بھی ہوئے، احتجاج کے دوران کالج میدان جنگ بنا رہا اور سیکڑوں طلباء کالج کے اندر محصور ہوگئے۔ طلباء نے کالج پرنسپل کے خلاف رشوت لینے، ہاسٹل میں غیر معیاری کھانامعمولی باتوں پر طلباء پر جرمانے لگانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ان کے مطالبات پورے نہ کئے گئے تو احتجاج جاری رہے گا۔ اس موقع پر متعلقہ حکام موقع پر پہنچے اور طلباء سے مذاکرات کئے اور معاملے کے حل کیلئے کمیٹی بنائی اور فیصلہ کیا گیا کہ تحقیقات کے بعد ذمہ داروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائیگی جبکہ طلباء کے جائز مطالبات تسلیم کئے جائیں گے۔ مذاکرات میں کالج سے نکالے جانے والے طالب علم کو بھی بحال کر دیا گیا جس پر طلبہ منتشر ہوگئے اور روڈ کو ٹریفک کیلئے کھول دیا۔