• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان سے منظوری میں تاخیر، ملائیشیا کمپنی کا 94 کروڑ ڈالر معاہدہ منسوخ

کوالالمپور/سنگاپور (رائٹرز) ملائیشیاکی ایک ٹیلی کام کمپنی اشاٹیہ گروپ کے ایک یونٹ نے پاکستان کی جانب سے ریگولیٹری منظور ی میں تاخیر کے باعث 13000ٹیلی کام ٹاورز کی خریداری کا 940ملین (94کروڑ) ڈالر کا معاہدہ منسوخ کردیا ہے۔ اشاٹیہ گروپ کی ذیلی تنظیم ایدوتکو گروپ نے پیر کے روز ایک بیان میں کہا کہ وہ پاکستان موبائل کمیونیکیشن کے یونٹ دیودار جس کے پاس ٹیلی کام ٹاورز کی ملکیت ہے، کی خریداری کے حوالے سے مزید کارروائی نہیں کریں گے۔ اس معاہدے کا اعلان گذشتہ سال اگست میں کیا گیا تھا اور اس کے نتیجے میں ایدوتکو دنیا کی ٹاورز کنٹرول کرنے والی دوسری بڑی کمپنی بن جاتی۔ ایدوتکو کا کہنا ہے کہ معاہدے کے حوالے سے کچھ شرائط پوری نہیں کی گئیں جس میں دیودار کے کنٹرول کے حوالے سے تبدیلیاں بھی شامل تھیں۔ ذرائع کہا کہنا ہے کہ انہیں معاہدے کی منسوخی پر حیرت ہے جبکہ بعض ریگولیٹری شرائط پوری کی جا چکی تھیں اور پاکستان کے مرکزی بینک سے بھی کلیرنس آنے کی توقع تھی۔ ایک اقتصادی ذریعے کے مطابق معاہدہ گذشتہ سال پایہ تکمیل کو پہنچ جانا تھا لیکن بعض معاملات مرکزی بینک میں اٹک گئے اور پارٹیاں ڈیڈلائن میں توسیع لیتی چلی گئیں، صبر کا پیمانہ لبریز ہوتا چلا گیا اور آخر کار فیصلہ لینا پڑا۔ پاکستان کا مرکزی بینک فوری طور پر رد عمل کے لئے دستیاب نہیں تھا۔جاز کمپنی کے چیف کارپوریٹ اینڈ ریگولیٹری افئیر علی نصیر کے مطابق ریگولیٹری منظوری کو کئی بار تاخیر کا سامنا رہا تاہم ایک بات واضح نہیں کہ جب انہیں کبھی بھی مسترد نہیں کیا گیا تو تاخیر کی وجہ کیا تھی۔ نصیر نے کہا کہ دونوں پارٹیوں نے باہمی رضامندی سے طے کیا کے معاملات کو لٹکانے کی بجائے ختم کردیا جائے۔ ایدوتکو اور پاکستان میں ان کے پارٹرنز داود ہرکولیس کارپوریشن لمیٹیڈ نے دیودار خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی تھی۔ اس معاہدے کی منسوخی کے نتیجے میں اشاٹیہ کے شیئرز 2.4فیصد نیچے آگئے۔ ایدوتکو کمپنی 2012میں قائم ہوئی تھی جس کے بعد سے اس نے تیزی سے ترقی کی اور نئے شیئر ہولڈرز اپنائے۔ اس وقت ایدوتکو پاکستان، ملائیشیا، میانمار، بنگلا دیش، کمبوڈیا اور سری لنکا میں 28000سے زائد ٹاورز کا انتظام سنبھالے ہوئے ہے۔ ایدوتکو کے چیف سریش سدھو کا کہنا ہے کہ پاکستان میں نئے مواقع کی تلاش جاری رہے گی۔
تازہ ترین