• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان ریلویز: ڈیم فنڈ کیلئے اکانومی و بزنس کلاس کی ٹکٹوں پر 1، 2 اور 10 روپے اضافی وصول کرنیکا فیصلہ

لاہور (جنرل رپورٹر) وفاقی وزیر ریلویز شیخ رشید احمد کی ہدایت پر پاکستان ریلویز نے ڈیم فنڈ میں اپنے عطیات میں اضافہ کرنے کے لئے اکانومی اور بزنس کلاس کی ٹکٹوں پر 1 روپیہ، 2 روپے اور 10 روپے اضافی چارجز عائدکرنے کا فوری فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق، ڈیم فنڈ میں عطیہ دینے کے حوالے سے اکانومی کلاس میں 100 روپے تک کا ٹکٹ خریدنے پر ہر مسافر کو 1 روپیہ اضافی اور 100 روپے سے اوپر کے ٹکٹ پر 2 روپے اضافی ادا کرنا ہوں گے۔ اسی طرح، اے سی کلاس کے ٹکٹ پر 10 روپے اضافی ادا کرنا ہوں گے۔ ڈیم فنڈ کے حوالے سے یہ معمولی کٹوتی پاکستان ریلویز کی تمام ٹکٹس، پی ٹی اوز، فری پرویلج پاسز، ملٹری واؤچرز، ای ٹکٹس، کمپیوٹرائزڈ ٹکٹس، پی سی ٹی ایس، بی ٹی ایس اور کرنٹ ریزرویشن پر لاگو ہو گی۔ ڈیم فنڈ کی مد میں لی جانے والی رقم کرائے کا حصہ نہیں ہو گی بلکہ ہر ٹکٹ کے نیچے علیحدہ سے ظاہر کی جائے گی اور جمع کردہ رقم ہر مہینے ڈیم فنڈ میں بھیجی جائے گی۔ ڈیم فنڈ چارچز سے کرایہ کی رقم راؤنڈ آف نہیں ہو گی اور ڈیم فنڈ چارجز قابلِ واپسی نہیں ہوں گے۔
تازہ ترین