• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا سب بڑا مقابلہ روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان آج دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

ایشیا کپ میں دونوں ٹیمیں اب تک گیارہ مرتبہ مدمقال آچکی ہیں، پانچ میچ پاکستان نے جیتے ، پانچ میں بھارت کامیاب رہا جبکہ ایک بے نتیجہ رہا۔

خیال رہے کہ 25ہزار تماشائیوں کی گنجائش والے اسٹیڈیم کے تمام ٹکٹ ایڈوانس میں فروخت ہوچکے ہیں، اس میچ سے جو بھی ٹیم جیتی وہ گروپ اے میں ٹاپ کرے گی۔

ویرات کوہلی ایشیا کپ میں شریک ٹیم کا حصہ نہیں،اُن کی جگہ روہیت شرماٹیم کی قیادت کررہے ہیں۔

سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ کوہلی ورلڈ کلاس میچ ونر ہیں ان کی عدم موجودگی سے فرق ضرور پڑے گا حالانکہ بھارت کے پاس کئی اور اچھے کھلاڑی موجود ہیں،پاکستان میچ میں چار فاسٹ بولروں کے ساتھ اترنے کی تیاریاں کررہا ہے۔ لیکن سرفراز احمد نے محمد عامر کی بولنگ پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے محمد عامر کے ساتھ بیٹھ کر انہیں سمجھا یا ہے اور بات چیت کرکے بتایا ہے کہ ٹیم کو ان سے کیا توقعات وابستہ ہیں۔

سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ کئی بار بولر اچھی بولنگ کرتا ہے اور وکٹ حاصل نہیں کرسکتا ہے،مجھے امید ہے کہ محمد عامر اچھی بولنگ کریں گے۔

سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ بھارتی ٹیم اچھی ہے، ہماری ٹیم کی بیٹنگ اور بولنگ دونوں بہترین ہیں، پریشر کے بغیر اچھا کھیلنے کی کوشش کریں گے، کنڈیشنز تمام ٹیموں کے لئے یکساں سازگار ہیں، ایشیائی ٹیمیں اس طرح کے ماحول میں کھیلنے کی عادی ہیں، فتح کے لیے بہتر کرکٹ کھیلنا پڑے گی، چیمپئنز ٹرافی میں فتح یادگار تھی لیکن یہاں کی کنڈیشنز بالکل مختلف ہیں۔

دوسری جانب روہت شرما کا کہنا ہے کہ بلاشبہ دبئی کا موسم گرم ہے اور میچوں کے دوران کنڈیشنز بھی مشکل ہیں لیکن ہم اس ٹورنامنٹ میں ہر ٹیم کو برابر سمجھ رہے ہیں،ہم یہاں بہتر کارکردگی دکھاکر اپنی ٹیم کی صلاحیتوں کو منوانا چاہتے ہیں، ٹیم نروس ضرور ہے لیکن جیت کا جذبہ لے کر ہی میدان میں اتریں گے۔

ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں گروپ میچ کے بعد سپر فور میں بھی ٹکرائیں گی۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت دونوں نے اپنے پہلے،پہلے میچ میں ہانگ کانگ کو شکست دی ہے،پاکستان نے ہانگ کانگ کو 8وکٹوں سےہرایا تھا جبکہ بھارت نے دلچسپ مقابلے کے بعد 26رنز سے شکست دی۔

تازہ ترین