• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور جوڈیشل کمپلیکس فائرنگ کے ملز موں کیخلاف کارروائی کیجائے،پنجاب بار

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) پنجاب بار کونسل کی ہیومن رائٹس کمیٹی کے اجلاس میں پشاور جوڈیشل کمپلیکس میں فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے ملزمان کیخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا گیا، کمیٹی کے چیئرمین سجاد اکبر عباسی کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں منصور احمد شاہ بخاری، شیخ عبدالغفار، سید جعفر طیار بخاری اور دیگر ممبران شریک تھے، وکلا رہنمائوں نے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خانیوال میں ایک نوجوان پر باثر افراد کا تشدد اور ناک سے لکیریں نکلوانے کا واقعہ باعث تشویش ہے۔مقبوضہ کشمیر میں نہتے نوجوانوں کی شہادت اور ان کی میتوں کے ساتھ ہونے والی بے حرمتی بھی اقوام عالم کے ضمیر کو نہیں جھنجوڑ سکی ۔ ایک 21سالہ لڑکا جو گیارہ برس کی عمر میں منشیات کیس میں گرفتار ہوا اور ایک دھائی تک جیل میں رہا جہاں اسے ٹی بی بھی ہوگئی اسے گزشتہ دنوں سپریم کورٹ نے بری کیا۔ اس طرح کے واقعات انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ پاکستان میں ہونے والے ان واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کیلئے آواز بلندکرے، اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ بروقت انصاف کی فراہمی ہر شہری کا بنیادی حق ہے لہذا اس سلسلے میں اعلٰی عدلیہ کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے ۔اعلٰی عدلیہ کو اپنے ادارے کے اندر بھی احتساب کے نظام کو بہتر کرنا چاہئے ۔
تازہ ترین