• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر تین فوڈ پوائنٹس سربمہر

راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے)پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے راولپنڈی ڈویژن میں ملاوٹ مافیا کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے تین پوائنٹس سیل کر دیئے۔حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر متعددفوڈ پوائنٹس کو بھاری جرمانے عائد کئے گئے۔ناقص خوراک تلف کرتے ہوئے 176کو وارننگ نوٹس جاری کئے گئے۔ جی پی او چوک مری میں موجود نیو المکہ کراچی سندھ بریانی کو سابقہ ہدایت پر عمل نہ کرنے، صفائی کے ناقص انتظامات، زائدلمعیاد اشیا ء کی موجودگی، گلی سڑی سبزیاں ،غیر معیاری مصالحہ جات،نان فوڈ گریڈ کلر ،ناقص آئل استعمال کرنے،حشرات کی بہتات،کھلے کوڑا دان ،کیچن ایریا میں واش روم کی موجودگی ،لائسنس اور ورکرز کے میڈیکلز کی عدم دستیابی پر بریانی پوائنٹ کو سیل کر دیا۔علاوہ ازیں اٹک میں واقع شالیمارسوئٹس اینڈ بیکرز (پروڈکشن یونٹ ) کو صفائی کے ناقص انتظامات،مٹھائی کی تیاری میں استعمال شدہ گھی، زہریلے کیمیکلز،مصنوعی فلیورز،سکرین اورکاسمیٹکس کلرز کا استعمال کرنے ،حشرات کی بھرمار اور ملازمین کی میڈیکلز کی عدم موجودگی پر سوئٹس اینڈ بیکرز کوسیل کر دیا ۔مزید برآں اٹک میں واقع حسنین ملک شا پ کو غیر معیاری دودھ فروخت کرنے ، مضر صحت کیمیکلز،یوریا ،فارملین اور ڈٹرجنٹ سے دودھ تیار کرنے، حشرات کی بھرمار،صفائی کے ناقص انتظامات،گندے برتنوں کا استعمال کرنے، کیمیکل ڈرمز کی موجودگی اور ورکرز کی ذاتی ناقص صفائی ہونے پر سیل کر دیا گیا۔
تازہ ترین