• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سہالہ کالج کے سکول آف انویسٹی گیشن میں ٹریننگ کورسز کا آغاز آئندہ ہفتےہوگا ،ڈی آئی جی ٹریننگ

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب محمد طاہرنے کہا ہے کہ پولیس کے تفتیشی افسروں کی پیشہ ورانہ استعداد کار کو مزید بڑھانے کیلئے پولیس ٹریننگ کالج سہالہ راولپنڈی میں آفتاب احمد خان سکول آف انویسٹی گیشن کا قیام ایک انقلابی قدم ہے جس کا مقصد تفتیشی افسروں کو انویسٹی گیشن اور فرانزک سائنس کے جدید علوم اور آپریشنل طریقہ کار سے ہم آہنگ کرنا ہے ۔ڈی آئی جی ٹریننگ فاران بیگ نے آئی جی پنجاب کو سکول کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سکول میں تین کلاس رومز ، ڈیجیٹل فرانزک لیب، لائبریری ، دفاتراورسٹاف روم کی تزئین و آرائش مکمل کی گئی ہے جہاں 80انویسٹی گیشن افسر بیک وقت جدید تربیتی اور ریفریشر کورسز میں حصہ لے سکیں گے ۔ انہوں نے مزیدبتایا کہ سکول میں بین الاقوامی اور مقامی انسٹرکٹرز کی زیر نگرانی پہلے بیج کے ٹریننگ کورسز کا آغاز آئندہ ہفتے چوبیس ستمبر سے ہوگا جس میں پورے ملک سے آنے والے تفتیشی افسروں کو ڈیتھ انویسٹی گیشن اور ڈیجیٹل فرانزک کے موضوعات کے حوالے سے جدید ترین پیشہ ورانہ تربیت دی جائے گی ۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ آفتاب احمد خان سکول آف انویسٹی گیشن کا قیام جرمنی کے ایک ادارے کے تعاون سے عمل میں لایا گیا ہے جس کابنیادی مقصد تفتیشی افسروں کوکرائم سین انویسٹی گیشن کی جدید ترین مہارتوں سے روشناس کروانا ہے ۔
تازہ ترین