لاہور/کراچی ( ایجنسی ) کروڑوں دلوں پر راج کرنے والی ملکہ ترنم نورجہاں کی 92ویں سالگرہ 21 ستمبر کو منائی جائے گی ۔ نور جہاں کا اصلی نام اللہ وسائی بائی تھا ۔ میلوڈی کوئین کے نام سے پہچانی جانے والی میڈم نور جہاں 21ستمبر 1926کو قصور کے موسیقار گھرانے میں پیدا ہوئیں ۔ اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز9 برس کی عمر سے کیا اور جلد ہی ایک جانی پہچانی چائلڈ اسٹار بن گئیں ۔ ملکہ ترنم نور جہاں نے اپنے فنی کیرئیر کے دوران ہزاروں گیت گائے اور 1965ء کی پاک بھارت جنگ کے دوران قومی نغمے بھی گائے جو ہماری قومی تاریخ کا اہم حصہ ہیں ۔ چھ دہائیوں پر محیط فنی سفر میں انہوں نے 26 بھارتی اور پاکستانی فلموں میں مرکزی کردار ادا کئے اور مجموعی طور پر ایک ہزار سے زائد فلموں کے لیے غزلیں اور گیت گائے جس میں ان کا سب سے پہلا گانا ’مجھ سے پہلی سی محبت میرے محبوب نہ مانگ ‘بے پناہ ہٹ ہوا ، جس نے ملکہ ترنم کو کامیابیوں کے نئے سفر پر گامزن کر دیا ۔ حکومت پاکستان نے ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی اور نشانِ امتیاز بھی عطا کیا ۔ ملکہ ترنم نور جہاں 23دسمبر 2000ء کوعلالت کے بعد انتقال کر گئیں تھیں ، لیکن ان کے گیتوں کی آواز آج بھی مداحوں کے دلوں میں زندہ ہے۔نور جہاں کے گیت 3 دھائیوں تک فلموں کی کامیابی کی ضمانت بنے رہے ۔ ان کے گائے ہوئے مدھر گیت گا کر نئے گلوکاروں نے شہرت حاصل کی ۔ ان کی سالگرہ پر ان کے مداحوں اور فن سے متعلق مختلف اداروں میں سالگرہ کے کیک کاٹے جائیں گے ۔