• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

د وا ئو ں کے3سپلائیرز کی ضمانت منسوخ ، جیل بھیجنے کاحکم

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) انسداد رشوت ستانی کی خصوصی صوبائی عدالت برائے حیدرآباد نے ادویات کی خریداری کی مد میں لاکھوں روپے کی کرپشن کے مقدمہ میں عبوری ضمانت پر رہا رورل ہیلتھ سینٹر بلڑی شاہ کریم کے ایم ایس سمیت3 ڈاکٹروں‘ اسپتال کے کلرک اور ادویات کے3 سپلائیرز کی ضمانت منسوخ کرکے جیل بھیجنے کاحکم دیتے ہوئے جیل سے دائر کی گئی تمام ملزمان کی ضمانت کی درخواستوں کی سماعت 26 ستمبر تک کیلئے ملتوی کردی ہیں۔علاوہ ازیں سول جج وجوڈیشل مجسٹریٹ نمبر 8 نے پولیس مقابلے اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے 3 الگ الگ مقدمات میں گرفتار4 ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کاحکم دیدیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق انسداد رشوت ستانی کی خصوصی صوبائی عدالت برائے حیدرآباد نے اینٹی کرپشن ٹنڈو محمد خان تھانے میں درج رورل ہیلتھ بلڑی شاہ کریم کیلئے ادویات کی خریداری کی مد میں 19 لاکھ50ہزار روپے سے زائد کے غبن کیس میں عبوری ضمانت پر رہا ایم ایس رورل ہیلتھ سینٹرڈاکٹرعبدالرحمان سموں،سابق ایم ایس ڈاکٹر شیرمحمد،ڈاکٹر زبیدہ، اسپتال کے جونیئر کلرک نبی بخش سٹھیو ادویات کے 3 سپلائیرز وعبدالغفور میندرو،اعجاز عباسی اورسلمان احمدکی منگل کو سرکاری وکلا کے دلائل کے بعد عبوری ضمانت منسوخ کرکے جیل بھیجنے کا گذشتہ روز حکم دیا تھا۔جس پر تمام ملزمان کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا گیا تھا۔جہاں سے گرفتار ملزمان کی جانب سے منگل عدالت میں دوبارہ درخواست ضمانت دائر کی گئی ہے عدالت نے ضمانت کی نئی درخواستوں پر وکلا کو نوٹس جاری کرکے26 ستمبر کو طلب کرلیا ہے۔علاوہ ازیں سول جج وجوڈیشل مجسٹریٹ نمبر 8 نے حسین آباد تھانے میں درج پولیس مقابلے کے مقدمہ میں گرفتار ملزم آفاق کو اور پولیس مقابلے کے کینٹ تھانے میں درج دوسرے مقدمہ میں گرفتار 2 ملزمان محمد غفران اورکامران کو 12،12 روز کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کاحکم دیدیا ہے۔اسی عدالت نے حسین آباد تھانے میں درج غیر قانو نی اسلحہ رکھنے کے الزام میں گرفتار ملزم سجاد علی کو 14 روز کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کاحکم دیدیا ہے۔
تازہ ترین