• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حضرت امام حسینؓ اور رفقاء کی قربانیاں تاقیامت مشعل راہ ہیں،مجالس سے علمائے کرام کا خطاب

سکھر+خیر پور+ڈگری(بیورو رپورٹ/نامہ نگارا ن) محرم الحرام کے سلسلے میں ہونے والی مجالس سے خطاب کرتے ہوئے علمائے کرا م نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ اور رفقاء کی قربانیاں تا قیامت مشعل راہ ہیں۔تفصیلات کے مطابق سکھر۔نواسۂ رسول حضرت امام حسینؓ اور ان کے جانثار ساتھیوں کی یاد میں ماتمی جلوسوں اور مجالس عزاء کے انعقاد کا سلسلہ جاری ہے۔ سکھر، روہڑی، پنوعاقل، صالح پٹ، کندھرا، علی واہن، بچل شاہ میانی، باگڑجی سمیت گرد و نواح کے علاقوں میں ماتمی جلوس برآمد ہوئے جبکہ مجالس عزاء بھی منعقد کی گئیں۔ مجالس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہاکہ حضرت امام عالی مقام کی قربانی کی بدولت دین اسلام کو جاویدانی ملی، حضرت امام حسینؓ نے اپنے رفقاء کے ساتھ میدان کربلا میں جو بے مثال قربانی دی وہ قیامت تک لوگوں کے لئے مشعل راہ ہے، امام عالی مقام نے ظالم کیخلاف ڈٹ جانے کا درس دیا۔ ماتمی جلوسوں اور مجالس عزاء کے انعقاد کے موقع پر پولیس کی جانب سے سیکورٹی کے انتہائی سخت حفاظتی انتظامات کئے جارہے ہیں۔خیر پور۔8محرم الحرام کو حضرت غازی عباس علمدار کے یوم شہادت پرایک سو سے زائدعلم و ذوالجناح کے ماتمی جلوس نکالے گئے۔ مرکزی جلوس مرکزی امام بارگاہ انجمن حیدری سے برآمد ہوا۔ امام بارگاہ فیض حسینی ،امام بارگاہ قصر حسینی ،امام بارگاہ پنجتنی،امام بارگاہ محبان حیدری،مرکزی امام بارگاہ لقمان ،امام بارگاہ قصر زینب ثانی زہرہ ،امام بارگاہ چھتن شاہ،امام بارگاہ ہاشمیہ،امام بارگاہ گنج شہیدان،امام بارگاہ علی رضا شاہ او ر دیگر امام بارگاہوں کے ماتمی جلوس چھتری چوک پر مرکزی جلوس میں شامل ہو گئے جہاں عزاداروں نے زنجیروں،گرزوں ،چاقوؤں او ر تلواروں کا ماتم کیا۔ مرکزی امام بارگاہ انجمن حیدری میں معروف عالم دین مولانا سید ریاض اکبر عابدی نے عشرہ محرم کی آٹھویں مجلس سے خطاب کر تے ہوئے کہاکہ حضرت غازی عباس علمدار اسلام کے عظیم شہید ہیں شہید ہمیشہ زندہ رہتے ہیں، انہوں نے کہاکہ شہدائے کربلا کی یاد تاقیامت منائی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر عبدالفتاح ہلیو کے مطابق ضلع بھر میں امن و امان قائم رکھنے کے لیے 4ہزار 3سو پولیس اہلکار مقرر کر دیئے گئے جبکہ رینجرز فورس کے جوان اس کے علاوہ ہیں پولیس اور رینجرز فورس یوم عاشور تک ہائی الرٹ رہے گی اور شہر میں موبائل فون سروس بند رہی۔ڈگری۔مرکزی امام بارگاہ باب العلوم جیلانی پڑ، سید کالو شاہ پڑ،کھڈے والی امام بارگاہ اور حیدر قرار امام بارگاہ سے شہزادہ قاسم کی مہندی کے جلوس نکالے گئے جو سید بشیر شاہ نقوی کی سربراہی میں اپنے مقرر کردہ راستوں سے ہوتے ہوئے سید ضیاء حسین شاہ کی رہائش گاہ پہنچے جہاں مجلس عزاء منعقد ہوئی۔ جلوسوں کی گزر گاہوں میں نیاز اور سبیلیں لگائی گئیں۔شہدادپور ۔محرم الحرام کے ماتمی جلوس امام بارگاہ حیدرکرار،امام بارگاہ حسینی،امام بارگاہ جوتلی شاہ،امام بارگاہ ام سکینہ،سیف اللہ شاہ سے جلوس برپا ہوئے جنہوں نے شہر کے مختلف علاقوں میں زنجیر زنی اور نواحہ خوانی کی امام حسینؓ کی بار گاہ میں پرسا پیش کیا گیا اس موقع پر جگہ جگہ پر ٹھنڈے پانی کی شربت کی سبیلیں اور لنگر ونیاز تقسیمِ کیا گیا۔گھو ٹکی۔سالانہ روحانی اجتماع بسلسلہ ذکر شہدائےحضرت امام حسینؓ ہوا جس میں مفکر اسلام علامہ پیر سید محمد شاہد علی شاہ جیلانی ، کرنل عطاء اللہ، کرنل سید جنید شاہ سمیت دیگر نے بڑی تعداد میں شرکت کی اس موقع پر روحانی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مفکر اسلام علامہ پیر سید محمد شاہد علی شاہ جیلانی نے کہا کہ واقعہ کربلا ظالم کے آگے ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے حضرت امام حسین نے کربلا کے میدان میں عظیم قربانی دی یہ واقعہ ہر فرد ہر قوم کے لیے مشعل راہ ہے۔ عمر کوٹ۔ مرکزی امام بارگاہ عزا خانہ ابوطالب پانچ پیر سے ایک ماتمی جلوس سید اشیتاق حسین شاہ کی قیادت میں مارکیٹ چوک پہنچا اور ماتم کیا گیا۔سیٹھارجہ۔عشرہ محرالحرام کے سلسلے میں مجالس اور عزاداری کا سلسلہ جاری ہے ۔ امام بارگاہ ربڈنو سولنگی میں عشرہ محرم کی آٹھویں مجلس عزا سے مولاناامداد شجائی،آغا طالب حسین بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امام عالی مقام کی بے مثال قربانیاں پوری انسانیت کیلئے چراغ ہدایت ہیں جنہوں نے سر کٹادیا مگر ظلم کے آگے سر نہ جھکایا مجلس عزا کے بعد نوحہ خوانی اور ماتم حسینؓ ہوا۔کوٹ غلام محمد ۔محرم الحرام کا جلوس امام بارگاہ المرتضیʼ سے برآمد ہوا اور طے شدہ راستوں سے گزرتا ہوا امام بارگاہ مرکزی پر اختتام پذیر ہوا-جلوس میں شامل عزاداران سینہ کوبیکرتے رہے- علاوہ ازیں شہر میں جگہ جگہ شربت اور کھانے کے اسٹال لگائے گئے ہیں تھےدریں اثنا کوٹ غلام محمد ایس ایچ او محمد اسلم خانزادہ نے پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں کو محرم الحرام کی سیکورٹی کے حوالے سے بریفنگ دی،انہوں نے کہا کہ نو اور دس محرم الحرام کو شہر میں سخت سیکورٹی کے لئے رینجرز تعینات کی جائے گی اور پولیس کی اضافی نفری بھی جلوس کی سیکورٹی پر مامور کی جائے گی۔ چمبڑ ۔یوم عاشور پر ماتمی جلوس کی سیکورٹی کے لیے انتہائی سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔شہر میں امام بارگاہوں پر اضافی نفری تعینات کی گئی ہے ڈی ایس پی چمبڑ لیاقت درس کے مطابق شہر میں ماتمی جلوس کی نگرانی کے لیے انتہائی فول پروف اقدامات کیے گئے ہیں ۔میر پور خاص۔ 9ویں اور10ویں محرم کے موقع پر سیکورٹی کے حوالہ سے انتظامات کو حتمی شکل دےدی گئی ہے،پولیس اور رینجرز کےعلاوہ فوج کی خدمات بھی حاصل رہیں گی جبکہ سندھ حکومت کی ہدایت پر ضلع بھر میں دفعہ 144اور موٹر سائیکل پر ڈبل سواری بیٹھانے پر پابندی پہلے ہی عائد کردی گئی ،پولیس ذرائع کے مطابق ضلع کے 11امام بارگاہوں،9ماتمی جلوسوں دوتعزیوں اور11مجالس کے مختلف مقامات کوحساس قراردیکر اس کی کڑی نگرانی کرنے کا فیصلہ کیاگیاہے۔ضلع بھر میں 2100سے زیادہ پولیس افسران اور جوان امن وامان قائم رکھنے پرمعمور ہوں گے،سول ڈیفنس،رینجرز اور فوج کی خدمات بھی حاصل ہوں گی۔خفیہ اور ڈرون کیمرے کے ذریعہ جلوسوں کی نگرانی کی جائے گی۔ مٹھی۔ڈپٹی کمشنر تھرپارکر آصف جمیل نے ایس ایس پی عمران قریشی کے ہمراہ محرم الحرام کے جلوسوں کی گزر گاہوں کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے مٹھی اور اسلام کوٹ کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر تھرپارکر نے کہا کہ جلوسوں کی گزر گاہوں میں تمام انتظامات مکمل کئے گئے ہیں اور مزید درپیش مسائل کو بھی جلد حل کیا جائیگا ۔ اس ضمن میں تمام متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کر کے الرٹ کیا گیا ہے ۔ پڈعیدن ۔ڈی آئی جی شہید بینظیر آباد مظہر نواز شیخ نے پولیس ہیڈ کوارٹر نوشہروفیروز کا دورہ کیا اور ایس ایس پی نوشہروفیروز امجد احمد شیخ کے ساتھ کلاتھ اسٹور کا افتتاح بھی کیا۔ڈی آئی جی شہید بینظیر آباد مظہر نواز شیخ نے ایس ایس پی نوشہروفیروز امجد احمد شیخ اور ضلع بھر کے تمام ڈی ایس پیز کے ساتھ محرم الحرام کی سیکورٹی کے متعلق میٹنگ کی۔میٹنگ میں ایس ایس پی نوشہروفیروز کے ساتھ تمام ڈی ایس پیز نے شرکت کی۔ جس میں ایس ایس پی امجد احمد شیخ نے ڈی آئی جی مظہر نواز شیخ کو محرم الحرام کی سیکورٹی کے انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔
تازہ ترین