کھپرو( نامہ نگار) شہر میں تجاوزات کے باعث پیدل چلنے والوں میں خاص طور پر خواتین اور بچوں سمیت طلباء و طالبات کو بھی دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔میونسپل کمیٹی کھپرو کی جانب سے سانگھڑ روڈ پرسڑک کے اطراف میں قائم کی جانے والی تجاوزات کو ہٹانے کے لئے دکانداروں کو نوٹس جاری کر دیئے گئے ہیں ۔جس میں کہا گیا ہے کہ سڑک کے درمیان سے 33 فٹ پر قائم کی گئی تجاوزات کو فوری ختم کردیا جائے ورنہ محرم الحرام کے بعد تجاوزات کو ہٹانے کے لئے آپریشن شروع کیا جائے گا جس میں بھاری مشنری کا استعمال کرکے تجاوزات کو ختم کیا جاے گا جس میں نقصان کی ذمہ داری دکانداروں پر عائد ہوگی ۔واضح رہے کہ کھپرو شہرمیں بڑھتی ہوئی تجاوزات کے باعث ٹریفک کی آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے جبکہ پیدل چلنے والے شہریوں خاص طور پر خواتین اور بچوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔کھپرو کے شہریوں نے میونسپل کمیٹی کھپرو کی جانب سے تجاوزات کے خاتمے کے لئے کئے گئے اقدمات کا خیرمقدم کیا ہے ۔