• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اتفاق رائے کے بغیر کالا باغ ڈیم کسی صورت تعمیر نہیں ہوسکتا، ڈاکٹر سہراب سرکی

سکھر (بیورو رپورٹ) پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماء و رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر سہراب خان سرکی نے کہا ہے کہ صوبوں کے اتفاق رائے کے بغیر کالا باغ ڈیم کسی صورت تعمیر نہیں ہوسکتا، جسے سندھ کے عوام کسی صورت برداشت نہیں کرینگے۔ پیپلز پارٹی کالا باغ ڈیم کو کسی صورت تعمیر نہیں ہونے دیگی۔ کالا باغ ڈیم کو 3صوبے مسترد کرچکے ہیں، اس لئے کالا باغ ڈیم کی بات کرنا 3صوبوں کے ساتھ زیادتی ہے، عوام کسی بھی صورت کالا باغ ڈیم کو برداشت نہیں کرینگے، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ کالا باغ ڈیم کی مخالفت کی ہے، کیونکہ پیپلز پارٹی وفاق کی علامت ہے، ہمارا پہلے دن سے یہ موقف ہے کہ جس منصوبے پر چاروں صوبے متفق نہ ہو، وہ نہیں بننا چاہیے۔ وہ ہ سکھر میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ ڈاکٹر سہراب خان سرکی نے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنے انتخابی منشور پر عمل کرتے ہوئے غربت مٹاؤ پروگرام کے تحت موثر اقدامات کررہی ہے، نوجوانوں کو روزگار اور عوام کو صحت و تعلیم سمیت دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے، پی پی وہ واحد جماعت ہے جو عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے، سندھ میں 10سال سے پیپلز پارٹی کی حکومت ایک ریکارڈ ہے اور عوام کی پی پی سے محبت کا واضح ثبوت ہے، عوام نے سندھ میں تیسری مرتبہ پیپلز پارٹی کو اس لئے کامیاب کرایا کہ وہ جانتے ہیں کہ اگر کوئی جماعت حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت کرتی ہے تو وہ صرف پی پی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت نے پارٹی میں نئی روح پھونک دی ہے، عام انتخابات میں سندھ بھر میں پی پی کی واضح کامیابی اور پہلے کے مقابلے میں کئی لاکھ زائد ووٹ حاصل کرنا عوام کا بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری کی قیادت پر اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہاکہ انتخابات کے موقع پر پی پی کو شکست دینے کی باتیں کرنیوالے آج کہیں دکھائی نہیں دیتے کیونکہ وہ جان چکے ہیں کہ سندھ کے عوام پیپلز پارٹی کے علاوہ کسی جماعت پر یقین نہیں رکھتے، پیپلز پارٹی نے اپنے دور اقتدار کے دوران سندھ میں ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے ہیں، صحت، تعلیم سمیت دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے اربوں روپے کے منصوبے شروع کرائے، جن میں سے متعدد مکمل ہوچکے ہیں اور باقی رہ جانیوالوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔
تازہ ترین