• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیاست سے بالا تر ہوکر سوچنا ہوگا،پاکستان کے مستقبل کیلئے ڈیمز کی تعمیر انتہائی ضروری ہے،نغمانہ وعالمگیر ہاشمی

برسلز (حافظ انیب راشد) بلجیم لکسمبرگ اور یورپین یونین کے لئے پاکستانی سفیر نغمانہ عالمگیر ہاشمی نے کہا ہے کہ اس وقت پانی کے ذخائر کی تعمیر ہماری آئندہ آنے والی نسلوں کے مستقبل کے لئے انتہائی ضروری ہے، اس کے لئے ملکی سیاست سے بالاتر ہوکر سوچنے اور محنت کرنے کی شدید ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیم فنڈ سے متعلق مشورے کے لئے آنے والے پاکستانی کمیونٹی کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد میں تحریک انصاف بلجیم کے صدر سردار صدیق خان، اوورسیز کی نمائندہ تنظیم پاکستان اوورسیز ایسوسی ایشن فورم انٹرنیشل کے صدر محمد اکرم منہاس، سیاسی اور سماجی خاتون رہنما روبینہ خان، پی او اےایف بلجیم کے صدر جاوید کوثراور محمد شعیب خان شامل تھے۔ وفد سے گفتگو جاری رکھتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستان کا ہر سفارتخانہ حکومت پاکستان کی دی ہوئی پالیسی پر ہی عملدرآمد کرتا ہے۔ حکومت کی ہدایت پر ہم نے بلجیم میں موجود پاکستانی کمیونٹی کی آسانی کے لئے ڈیم فنڈ کا خصوصی اکائونٹ بھی کھول دیا ہے۔ کسی کو بھی ذاتی طور پر پیسے جمع کرنے کی اجازت اس لئے نہیں دی گئی تاکہ اس کی شفافیت پر حرف نہ آئے۔ لیکن اگر کمیونٹی مل کر ڈیم فنڈ کیلئے کوئی تقریب منعقد کرتی ہے تو ہم اس میں خوشی سے شریک ہوںگے۔ اس سے قبل جب وفد کے اراکین سفیر پاکستان سے ملاقات کیلئے پہنچے تو پی او اے ایف کے صدر محمد اکرم منہاس نے سفیر پاکستان کو گلدستہ پیش کیا۔ مسٹر منہاس نے کہا کہ ہر سال 14اگست کو ان کی تنظیم سو ڈیڑھ سو افراد کے ساتھ پرچم کشائی کی تقریب میں لئیج سے شریک ہوتی ہے ۔ ا س فنکشن کیلئے فیملیز سارا سال انتظار کرتی ہیں یہ سب سفیر پاکستان کی حوصلہ افزائی کا نتیجہ ہے۔ اس پر سفیر پاکستان نے وفد کے ارکان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی صرف یہ کوشش ہے کہ یہاں موجود پاکستان کی نئی نسل کا اپنے ملک سے تعلق قائم رہے اور انہیں اپنے ملک، اس کے قیام اور اس کے مشاہیر کے بارے میں معلومات حاصل ہوتی رہیں۔ گفتگو کے دوران وفد میں شامل تحریک انصاف کے اراکین نے کہا کہ وہ اپنی سیاسی حیثیت میں نہیں بلکہ ایک پاکستانی کے طور پر آئے ہیں جس پر سفیر پاکستان نغمانہ عالمگیر ہاشمی نے ان کے اس جذبے کی قدر کرتے ہوئے کہا کہ ملک ہم سب کا ہے اور اس کی تعمیر بھی ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی خوشی کا اظہارکیا کہ کہ اب پاکستانی نوجوان مقامی سیاست میں حصہ لے رہے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سفارت خانہ ہم سب کا گھر ہے۔ ہم یہاں بلا تفریق سب سے ملتے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر یہ بھی آگاہ کیا کہ سفارت خانے کی نئی ویب سائٹ تیار ہو چکی ہے اور ڈیم فنڈ کیلئے قائم خصوصی اکائونٹ کی معلومات وہاں دستیاب ہیں۔ ملاقات میں ڈپٹی ہیڈ آف مشن محمد آصف میمن اور قونصلر محمد اسلم جتوئی بھی موجود تھے ۔
تازہ ترین