• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یورپین مسلم کونسل کا 9واں سالانہ اجلاس، اخلاق احمد تنظیم کے نئے صدر منتخب

اوسلو (پ ر) یورپین مسلم کونسل کا 9 واں سالانہ اجلاس ناروے کے شہر اوسلو میں منعقد ہوا جس میں گزشتہ سال کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور آئندہ کیلئے منصوبہ بندی کی گئی۔ اس موقع پر نئے عہدے داروں کا انتخاب بھی ہوا۔ نتائج کے مطابق اسلامک کلچرل سینٹر ناروے سے وابستہ اخلاق احمد کو آئندہ دو سالوں کے لیے یورپین مسلم کونسل کا صدر چن لیا گیا جو اس سے قبل جنرل سیکرٹری تھے۔ دیگر عہدے داروں میں امتیاز احمد سویہ نائب صدر، سجاد حسین بھٹی جنرل سیکرٹری، طاہر فاروق ڈپٹی جنرل سیکرٹری، خالد محمود شعبہ بیت المال اور سجاد احمد نوجوانوں کے امور کےانچارج چنے گئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہو ئے نو منتخب صدر اخلاق احمد نے سابق صدر میاں عبدالحق کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ کونسل کی نئی ٹیم بھی انہی کی جاری کردہ روایات کے مطابق اسلام کے پیغامِ امن کو یورپ کے باشندوں تک پہنچانے کے لیے کوشاں رہے گی۔ یہ دین پوری انسانیت کے لیے آیا ہے اور رنگ و نسل کے تعصبات سے بالکل پاک ہے۔ یہی دین دنیا کو امن و سلامتی سے ہمکنارکر سکتا ہے۔ سابق صدر میاں عبدالحق نے کہا کہ ای ایم سی کی ٹیم نے میرا بھر پور ساتھ دیا تھا، اب اسی جذ بے سے ہم نئے صدر سے تعاون کریں گے۔ اس موقع پر اوسلو یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر فرخ عباس چوہدری نے قرآن اور سائنس کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ سانسی حقائق دن بدن قرآنی تعلیمات کی صداقت کی گواہی دے رہے ہیں۔ دیگر مقررین میں ڈاکٹر حامد علی فاروق، مولانا محبوب الرحمن، سید رضوان احمد، مفتی نور اللہ خالد، ڈاکٹر طارق سلیم اور مولانا فضل ہادی شامل تھے۔
تازہ ترین