• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جامعہ اسلامیہ لوٹن میں آج شہدائے کربلا کانفرنس منعقدہوگی

لوٹن (شہزاد علی) آج بروز جمعرات جامعہ اسلامیہ غوثیہ لوٹن میں یوم عاشور کے موقع پر 35ویں سالانہ شہداء کربلا کانفرنس قاضی ملت علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی کے زیر انتظام پورے مذہبی جوش وخروش اور عقیدت واحترام کے ساتھ منعقد کی جارہی ہے ۔ اس حوالے لوٹن میں خاصا جوش وخروش پایا جاتا ہے۔ میزبان نے جنگ کو بتایا ہے کہ شہداء کربلا کانفرنس کی صدارت عالمی مفکر علامہ ڈاکٹر پیر سیدعبدالقادر گیلانی کریں گے ۔ وہ موضوع کی مناسبت سے خصوصی خطاب کریں گے جبکہ جید علماء جن میں علامہ حافظ محمد فاروق چشتی اور مفتی صاحبزادہ برکات احمد چشتی شامل ہیں بھی کربلا کے حوالے سے اظہار خیال کریں گے۔ نوجوان سکالر علامہ قاضی ضیاء المصطفیٰ چشتی اور علامہ قاری عاصم مرزا انگریزی میں واقعہ کربلا کے محرکات اور اس کے عالم اسلام پر اثرات کا احاطہ کریں گے۔ شیخ محمد حجاج خلیل ترکی الازہری تلاوت اور ممتاز نعت خواں صاحبزادہ سید الطاف کاظمی ہدیہ نعت پیش کریں گے۔علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی نے کمیونٹی پر زیادہ سے زیادہ شرکت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی کانفرنسوں میں بچوں اور نوجوانوں سمیت شرکت کرکے ایمان کو تازہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کربلا کی اہمیت سے نوجوان نسل کو آگاہ کرنا از حد ضروری ہے۔ شرکاء کے لئے خصوصی لنگر شریف کا بھی عمدہ اہتمام کیا گیا ہے۔
تازہ ترین